الیکشن کے تحفظات اپنی جگہ لیکن ہم جمہوریت کی حفاظت کریں گے،خاور کھٹانہ

لاہور : پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء خاور محمود کھٹانہ ،سید آصف شاہ نے کہا ہے کہ جمہوریت کا استحکام پاکستان پیپلز پارٹی کی منزل ہے الیکشن کے تحفظات اپنی جگہ لیکن ہم جمہوریت کی حفاظت کریں گے پاکستان میں جمہوریت کا عمل پارٹی کارکنوں اور بھٹو خاندان کی شہادتوں کا ثمر ہے۔

اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے اپنے کارکنوں کو الیکشن 2013ء کے نتائج تسلیم کرنے کا حکم جاری کرکے اور نواز شریف کو مبارکباد دے کر جمہوری عمل کو مستحکم کرنے کا واضح پیغام دے دیا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری اداروں اور جمہوریت کے استحکام کے لئے آنے والی حکومت کے مثبت پہلووں کو سپورٹ کرتے ہوئے اس کی ہر منفی حرکت کو مثبت تنقیدی حوالے سے قوم کے سامنے لائے گی۔

صدر پاکستان آصف علی ذرداری نے پیپلز پارٹی کو واضح اکثریت نہ ہونے کے باوجود سابقہ اسمبلی اور حکومت کو اپنی دور اندیشانہ اور مفاہمانہ پالیسیوں کی بناء پر اس کی آئینی مدت تک چلایا اور اب بھی نگران حکومت کے ذریعے الیکشن کرواکر پر امن طور پر اقتدار نئی آنے والی حکومت اور سیاسی جماعت کو سونپ دیں گے انہوں نے کہا کہ یہ صدر ذرداری اور پیپلز پارٹی کا بہت بڑا کارنامہ ہے کہ ہم نے جمہوری روایات کو مظبوط کرنے کے لئے ہر منفی اقدام کو شکست دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی ملک بھر کی منظم اور سب سے ذیادہ موثر سیاسی قوت ہے۔ہم پارٹی کو پہلے سے ذیادہ منظم کرکے پاکستان کے سیاسی نظام میں شامل رہیں گے۔ہم ایک ذندہ سیاسی پارٹی ہیںاتار چڑھائو سیاست میں ہوتے رہتے ہیںصدر ذرداری کی قیادت میں بلاول بھٹو کے ساتھ مل کر بی بی شہید کے روشن وژن کے ساتھ ہم پاکستانی عوام کی خدمت کا عمل جاری رکھیں گے۔