انتخابات ہونگے نہ احتساب کامیاب ہوتا دکھائی دے رہا ہے عمران چنگیزی

کراچی : انتخاب اور احتساب ایک ہی وقت میں دو بڑے کام کرنے کی کوشش سے نہ تو انتخابات ہوتے دکھائی دے رہے ہیں اور نہ ہی احتساب کا کوئی نتیجہ نکل پارہا ہے۔

کیونکہ مؤثر تیاری قوانین میں تبدیلی آئین میں ترمیم اور نظام کو بہتر بنائے بغیر جلد بازی و عجلت میں شفاف انتخابات کیلئے 62 اور63 پر عملدرآمد کے دعوے اور احتساب کے نام پر ملکی دولت لوٹنے والوں کو نااہل قرار دینے اور جیل بھیجنے کا عدلیہ و الیکشن کمیشن کا عزم صمیم ذاتی پسند و ناپسند کی بنیاد پر سوائے چند افراد کو نااہل قرار دینے اور صرف مشرف کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کے علاوہ بے نتیجہ ثابت ہوکر ان دونوں اداروں کی غیر جانبداری پر شکوک و شبہات اور سوالات کھڑے کررہا ہے۔

جو یقینا ملک و قوم اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کیلئے کسی بھی طور سودمند نہیں ! نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین عمران چنگیزی نے کہا کہ ہمارے ملک کے تمام مسائل کی وجہ جذباتیت ہے جس کی وجہ سے ہر کام عجلت و جلد بازی میں کیا جاتا ہے اور اس کے متوقع فوائد حاصل ہونے کی بجائے نقصانات گلے پڑجاتے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان تباہی کے آخری دہانے تک آن پہنچا ہے۔

اگر اب بھی ارباب بست و کشاد نے دانائی تحمل دانشمندی اور مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ کام کی انجام دہی کی عادت نہیں اپنائی تو اس کے نتائج بہت بھیانک نکلیں گے جبکہ عجلت مندانہ احتساب اور عجلت مندانہ انتخابات دونوں ہی ملک و قوم کی تقدیر اور آنے والے کل کو روشن بنانے کی بجائے اس پر مزید کالک پوتتے دکھائی دے رہے ہیں۔