الیکشن کمیشن کی طرف سے کرپٹ اور مفاد پرست سیاستدانوں کو نااہل قراد دینا خوش آئند اقدام ہے،روحیل اکبر

تحریک تحفظ الیکشن کمیشن پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری اطلاعات روحیل اکبر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے کرپٹ اور مفاد پرست سیاستدانوں کو نااہل قراد دینا خوش آئند اقدام ہے جبکہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے سیاستدانوں نے اسمبلیوں میں بیٹھ کرذاتی مفادات کو ترجیح دی اور غریب عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔

ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والا مزدور طبقہ غربت اور مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کو اپنے پانچ سال مکمل کرنے پر خوش نہیں بلکہ ندامت اور شرمندگی سے سیاست سے کنارہ کشی اختیارکرلینا چاہیے تھی کیونکہ گذرنے والے پانچ سال عوام پر ا نتہائی سخت گذرے ہیں ملک پر قرضوں کا بوجھ عوام پر مہنگائی ،بے روزگاری اور غربت کا بوجھ اس قدر بڑھ چکا ہے۔

پاکستان کی آدھی آبادی سے زائد غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی گذارنے پر مجبور ہیں جبکہ ہمارے لٹیرے حکمرانوں نے اپنی جائیدادیں اور کاروبار بیرون ملک منتقل کردیے ہیں اب الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے چور اور ڈاکو امیدواروں کو نااہل قرار دینا ایک نہایت ہی احسن اقدام ہے۔