الیکشن کمیشن کی کسی بات کا اعتبار نہیں : حلیم عادل شیخ

کراچی : مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں الیکشن کمیشن کی کسی بات کا اعتبار نہیں الیکشن کمیشن نے انتخابات سے قبل قوم سے وعدہ کیا تھا کہ ہر پولنگ میں کیمرہ ہوگا نادرا سے انگوٹھے کی تصدیق ہوگی اور تمام پولنگ پر فوج کی نگرانی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن مخصوص سیاہی کے پیڈ کو پولنگ اسٹیشن میں مہیا نہ کرسکا باقی وعدے وہ کیسے پورے کرتا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے PS-129 اور دیگر حلقوں میں شکایات کی مد میں حلیم عادل شیخ کو 3 جون کو اپنی شکایات سننے اور ان کا موقف جاننے کے لئے بلایا تھا۔

جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ وہ بڑے پیمانے پر دھاندلی اور الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کی وجہ سے3 جون کو بلانے پر نہیں جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے میڈیا کے سامنے خود کہا تھا کہ دھاندلی کی شکایت پر پریذائڈنگ افسران سے ایک ایک بیلٹ پیپر کا حساب لیا جائے گا۔

لہذا وہ امیدواروں کو بلانے کی بجائے پریذائڈنگ افسران کو طلب کریں جن کی ملی بھگت سے من پسند لوگوں کو آگے لایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابات میں امیدواروں کے ساتھ عوام کا بھی الیکشن کمیشن پر سے اعتبار اٹھ چکا ہے۔