انتخابات میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہونے دینگے، چیف جسٹس

Iftikhar Ali Chaudhry

Iftikhar Ali Chaudhry

اسلام آباد(جیوڈیسک)سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ انتخابات میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہونے دیں گے، سب کو پتا ہونا چاہئے کہ امیدوار کسی سنگین مقدمے میں ملوث تو نہیں۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں انتخابی اصلاحات کیس کی سماعت جاری ہے۔ سماعت شروع ہوئی تو اٹارنی جنرل عرفان قادر نے عدالت سے استدعا کی کہ نئے کاغذات نامزدگی سے انتخابات میں تاخیر ہو سکتی ہے۔

عدالت نئے کاغذات نامزدگی کو روک دے۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ انتخابات میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہونے دیں گے۔ سب کو پتا ہونا چاہئے کہ امیدوار کسی سنگین مقدمے میں ملوث تو نہیں، پتہ ہونا چاہئے کہ امیداور اغوا برائے تاوان یا دہشت گردی میں ملوث تو نہیں۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس ملک میں تو جھوٹے مقدمات بنا کر بدنام کر دیا جاتا ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ بے شک اس بنیاد پر نااہل قرار نہ دیں، لیکن ووٹر کو سب پتہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے، کم از کم کوشش تو ہونی چاہئے کہ پارلیمنٹ میں شفاف لوگ آئیں۔