ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی کامیابی عوام کا ن لیگ پر عدم اعتماد ہے۔ سیف اللہ طاہر

مصطفی آباد/للیانی (محمد عمران سلفی سے ) ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی کامیابی عوام کا ن لیگ پر عدم اعتماد ہے۔ حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیں۔ گیارہ مئی کے انتخابات میں ن لیگ نے بڑے پیمانے پر دھاندلی کی تھی۔ حکومت کی مایوس کن کارکردگی کے باعث ن لیگ کے لیڈر عوام سے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔ تحریک انصاف آج بھی چار حلقوں میں انگوٹھوں کے نشان پر دوبارہ گنتی کے مطالبے پر قائم ہیں۔

ان خیالات کا اظہار سنیئر رہنما تحریک انصاف حاجی سیف اللہ طاہر مغل نے پی پی 72 فیصل آباد سے تحریک انصاف کے امیدوار خرم شہزاد کی کامیابی پرکارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں نے گیارہ مئی کو بھی اسی جذبے سے ووٹ ڈالے تھے۔ کراچی کے دو حلقوں سے بھی بوگس ووٹنگ کے شواہد سامنے آ گئے ہیں۔اس طرح کے انتخابات تو آمروں کے دور میں بھی ہوتے تھے۔ ایسے انتخابات سے ملک میں کبھی جمہوریت نہیں آئے گی۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے اگر انصاف نہ ملا تو سڑکوں پر نکل آئیں گے۔قوم چیف جسٹس سے انصاف مانگ رہی ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان 4 حلقوں میں دھاندلی کی تحقیقات کروائیں۔ ملکی تاریخ میں اتنے کم عرصے میں اتنی زیادہ مہنگائی نہیں ہوئی۔ کرپشن اور نااہلی کا بوجھ مہنگائی کے ذریعے عوام پر پڑ رہا ہے۔ امیر طبقے پر ٹیکس لگانے کی کوشش نہیں کی گئی۔ حکومت ایک طبقے کو نواز رہی ہے جبکہ غریب پس رہا ہے۔