یکساں نظام اور نصاب تعلیم ملکی سالمیت کے لئے ناگزیر، نئی پالیسی کا خیر مقدم کرتے ہیں، محمد زبیر صفدر

لاہور( 16-07-2013) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمدزبیر صفدر نے کہا ہے کہ یکساں نظام تعلیم اور نصاب ملکی واحدانیت اور سالمیت کے لئے ناگزیر ہے حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کی گئی پالیسی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے ہر دور میں یکساں نظام اور نصاب تعلیم کے لئے جد وجہد کی ہے۔ ایک زبان، ایک نظام اور ایک نصاب پاکستان کی سالمیت اور ترقی کا ضامن ہے ۔ اس کے نفاذ کے بغیر معاشرہ تقسیم در تقسیم ہوتا چلا جاتا ہے۔ ناظم اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی جمعیت طلبہ رمضان المبارک کے بعد وفاقی وزارت تعلیم کو اس حوالے سے اپنی سفارشات بھی پیش کرے گی۔

جس میں یکساں نظام اور نصاب تعلیم کے لئے تجاویز اور عمل درآمد کے لئے لائحہ عمل دیا جائے گا۔ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور اس میں مساوی معاشرے کی تشکیل کے لئے نظام تعلیم کو یکساں کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔