امتحان شروع؟

Electoral Fraud

Electoral Fraud

کتنی عجیب بات ہے پاکستان میں اپنے اقتدار کو دوام دینے کیلئے ہمیشہ
سیاستدان جمہوریت کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کرتے ہیں بعینہ مذہبی رہنما اسلام کا نام لیتے رہتے ہیں بیشتر کی منزل اسلام کی بجائے اسلام آباد ہی ہوتی ہے ان حیلہ بازیوں میں ہر حکمران نے قومی اداروں کو جیسے قومی فریضہ جانتے ہوئے کمزور سے کمزور تر کر دیا اپوزیشن کے پیش نظر بھی فقط اپنے مفادات کا حصول ہے وہ کبھی سیاسی ابتری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے، کبھی سیاسی بلیک میکنگ کے ذریعے اور کبھی مفاہمتی پالیسی کے تحت بہتی گنگا سے نہریں نکالتے رہے۔ اسے عجیب ترہی کہا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے ہر عام انتخابات میں دھاندلی کی گئی اس کے نتائج کو ہمیشہ شکست خوردہ سیاستدانوں نے تسلیم کرنے سے انکار کیا ایوب خان سے لیکر میاں نواز شریف کے عہد تک دھونس، دھاندلی، جھرلو اور چمک کی کتنی ہی کہانیاں ہمارے ارد گرد بکھری پڑی ہیںکبھی محترمہ فاطمہ جناح کو ہرایا گیا، کبھی محترمہ بے نظیر بھٹونے انتخابی دھاندلی کے خلاف آواز بلند کی, کبھی میاں نواز شریف سراپا احتجاج بن گئے۔

کبھی انہیں اقتدار میں لانے کیلئے بنائی گئی اور کبھی مسلم لیگ کی حکومت بنانے کیلئے بھرپور ریاستی وسائل استعمال کئے گئے اب عمران خان واویلا کر رہے ہیں کہ انہیں ہرانے کیلئے منظم دھاندلی کی گئی ہے آج اندازہ لگایا جا سکتاہے عسکری وسول اسٹیبلشمنٹ الزامات کی زدمیں ہے کہ اس نے اپنے منظور ِ نظر سیاستدانوںکو برسرِ اقتدار لانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔کہا جاتاہے ایک ڈکٹیٹر یحییٰ خان نے پاکستان کی تاریخ کے سب سے شفاف الیکشن کروائے تھے لیکن اس کے نتائج تسلیم ہی نہیں کئے گئے اس کا سیاسی حل تلاش کرنے کی بجائے فوجی ایکشن لینا مسئلہ کا حل سمجھ لیا گیا اگر جیتنے والی اکثریتی پارٹی کو اقتداردیدیا جاتا تو شاید پاکستان دو لخت ہی نہ ہوتا جب بھی عقل کے فیصلے جذبات سے کئے جائیں تو ایسا ہی رزلٹ نکلے گا۔

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

یہ بھی کتنی عجیب بات ہے کہ 1973ء کے متفقہ دستور میں فوجی ڈکٹیٹروں اورجمہوری حکمرانوںنے18ترامیم کرکے اس کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا یہ بات طے ہے کہ آخری دو آئینی ترامیم عوامی مفادمیں ہرگزنہیں کی گئیں بلکہ اس کا مقصد شاہانہ اختیارات حاصل کرنا اور ا نتخابی عمل پر اثراندازہونا تھا تاکہ حسب ِ منشاء حکومتوںکی تشکیل کی جا سکے سوچنے کی بات ہے تیسری باروزیر ِ اعظم بننا،حکومت اور اپوزیشن کی مشاورت سے نئے چیف الیکشن کمشنرکا تقرر،الیکشن کمیشن کی تشکیل، چیف جسٹس، آرمی چیف،نگران حکومتوںکا قیام یاچیئرمین نیب کی تقرری سے عام آدمی کیا مفادوابستہ ہے ان کو اس سارے معاملات سے کیا سروکار؟ یہ اشرافیہ کے اپنے مفادات ہیںحقیقت ہمیشہ تلخ ہوتی ہے حکمرانوںنے 1973ء کے متفقہ دستورمیںتمام ترامیم اپنے مخصوص سیاسی مفادات کیلئے کیں یہ گیم اب تلک جاری ہے کسی کا مطمع ٔ نظرعوامی بھلائی نہیں اس کے نتیجہ میں حکمرانوںنے دولت کے انبار اکٹھے کر لئے اور عوام روٹی کے لقمے لقمے کو ترس رہے ہیں یہی اس ملک کا سب سے بڑاالمیہ ہے کسی کے پاس اتنا وقت نہیں کہ وہ عام آدمی کیلئے سوچ سکے آج ہمارا یہ حال ہے کہ اس قوم کا کوئی لیڈر ہی نہیں ہے حقیقی قیادت سے محروم پاکستانیوں کو ایک ہجوم ِ نابالغاں کہا جا سکتاہے۔

یہی محرومیاںفوجی ڈکٹیٹروںکی آمدکاسبب بنتی ہیں جب سول قیادت ویژن ،صلاحیت اور ذہانت سے عاری ہو جائیتو ایسے ہی حالات جنم لیتے ہیں قائد ِ اعظم نے جب پاکستان بنایا تو انہیں بھرپور عوامی تائیدحاصل تھی کانگریسی و احراری مولویوںکی لاکھ مخالفتوں کے باوجود پاکستان ایک حقیقت بن کر دنیا کے نقشے پرابھراجبکہ بعدمیں آنے والے حکمران بتدریج عوامی حمایت اور تائیدسے محروم ہوتے چلے گئے اورعسکری وسول اسٹیبلشمنٹ اور شخصیات مضبوط سے مضبوط۔ادارے کمزور۔۔یہاں عوام کے ساتھ ایک اور” واردات ” بھی کی گئی اشرافیہ پر مشتمل سیاستدانوں،بیوروکریسی، ججز،فوجی افسران،سرمایہ داروں اور جاگیرداروں نے آپس میںرشتہ داریاں کر لیں۔ کسی بھی پارٹی کی حکومت ہو،حکمران کوئی بھی ہو اشرافیہ کو ۔۔کوئی فرق نہیں پڑتا ان کا کوئی نہ کوئی عزیز، رشتہ دار یادوست مسلسل حکومت میں رہتاہے۔ دعوے اور وعدے کرنے میں کوئی حرج نہیں عمران خان اور طاہرالقادری مسلسل کہہ رہے ہیں وہ موروثی سیاست کے خلاف جدوجہدکررہے ہیں ، تبدیلی ہمارامشن ہے،موجودہ سسٹم بدلیں گے لیکن بغورجائزہ لیا جائے تو محسوس ہوگا ان کا اس سلسلہ میں کوئی ہوم ورک نہیں ہے اس وقت ملک کو مہنگائی ، لوڈشیڈنگ، دہشت گردی،کرپشن،بیروزگاری اور غربت جیسے جو چیلنجز درپیش ہیں اس کے بارے میں حکمت ِ عملی بھی واضح نہیں۔

حکمرانوںکو موجودہ سسٹم ہی سپورٹ کرتاہے اسی کی بقاء میں ان کی جان ہے JUI،اے این پی ،پیپلزپارٹی، بیشترمذہبی جماعتوں اور سابقہ صدر آصف علی زرداری سمیت کئی قومی رہنما موجودہ نظام کو بچانے کیلئے آخری حدتک جا سکتے ہیں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی تین تین بار اقتدارمیں آچکی ہیں لیکن عوام کی حالت پہلے سے بھی ابترہو چکیہے سیاستدان نسل در نسل اقتدار اور وسائل پرقابض چلے آرہے ہیںحکمران خود تسلیم کرتے ہیں کہ پولیس کی ایک بڑی تعداد VIP کے پروٹوکول پرمامورہے یعنی جس ادارے کو عوام کی جان ومال کا تحفظ اورقانون کی حکمرانی کیلئے کام کرنا چاہیے وہ نان پروفیشنل کاموںمیں الجھ کررہ گیا ہے اسی وجہ سے پولیس اپنی ذمہ داریوںمیں ناکام ہوگئی اور امن و امان کیلئے کراچی میں مستقل رینجرزکوطلب کیا گیابات یہیںپر ختم نہیں ہوئی اسلام آبادمیں آرٹیکل245نافذکرکے فوج کے حوالے کرنا کہاں کی دانشمندی ہے سیاسی مخالفین سے نمٹنے کیلئے ایسا فیصلہ انتہائی ناعاقبت اندیشانہ ہے اس کے بھیانک نتائج نکل سکتے ہیں اس کا ایک مطلب یہ بھی ہے کہ سول انتظامیہ اور جمہوری حکومت ناکام ہوگئی ہے یہ جمہوریت کی بدقسمتی ہے کہ یہ سب کچھ جمہوریت کے نام پر کیا جا رہا ہے ان حالات میں اگر شیخ الاسلام یا عمران خان تبدیلی کی بات کرتے ہیں تو ان کی بات دل کو لگتی ہے۔

Tahir-ul-Qadri,Imran Khan

Tahir-ul-Qadri,Imran Khan

لیکن تبدیلی کیسے آئے گی یہ توواضح نہیں اب طاہرالقادری نے سیاست نہیں ریاست بچائو کے نعرے کے بعد پر امن جمہوری انقلاب کا سلوگن دیاہے یہی مسئلے کا اصل حل ہے کہ پر امن طریقہ سے تبدیلی آنی چاہیے محاذآرائی،جلائو گھیرائو سے حالات خراب ہو سکتے ہیں جس کا ملک ہرگز متحمل نہیں ہو سکتا اس سے خانہ جنگی جیسی کیفیت پیداہونے کااحتمال ہے سب سے بڑھ کر یہ بات کہ اس وقت ملک میں اشرافیہ کا پاور سٹریکچر اتنا سٹرونگ ہے کہ اس نے آکٹوپس کی طرح ہرچیزکو جکڑرکھاہے انہیں ڈرہے کہ کسی قسم کی کوئی تبدیلی آئی تو ان کی سیاست، اقتدار اور مراعات کو خطرات لاحق ہو جائیں گے یہی بنیادی وجہ ہے کہ حکمران سیاست اور جمہوریت کے ساتھ ایک بار میری حکومت دوسری بار تیری حکومت کا کھیل کھیل رہے ہیں۔

حکمران اب بھی عوام کو ریلیف دینے کیلئے حقیقی اقدامات کریں تو ان کی ساکھ بہتر ہونے کی امید کی جا سکتی ہے اپوزیشن کو اس بات کاادراک ہونا چاہیے کہ موجود استحصالی نظام کے خلاف مربوط حکمت عملی اور ٹھوس منصوبہ بندی کے بغیر بنیادی تبدیلی لائی ہی نہیں جا سکتی اس کیلئے اشرافیہ کا نیٹ ورک توڑنا ہو گا ورنہ آزادی مارچ اور پر امن جمہوری انقلاب کا نعرہ محض نعرہ ثابت ہو گا عمران خان اور طاہرالقادری کو شاید اندازہ نہیں اشرافیہ کس قدر طاقتور ہے؟ اس لئے غلطی کوئی گنجائش نہیں ہے سانپ اور سیڑھی کا کھیل شروع ہو گیا ہے د عوے اور وعدے کرنے میں کوئی حرج نہیں لیکن عملاً کچھ نہ کیا گیا توسب کچھ بے کار ہو جائے گا اس لحاظ سے موجودہ سیاسی حالات میاں نواز شریف، عمران خان اور طاہرالقادری کاامتحان ہے دیکھئے کون سرخرو ہوتاہے؟

Sarwar Siddiqui

Sarwar Siddiqui

تحریر: ایم سرور صدیقی