ایکسپو پاکستان کا آغاز، غیر ملکی خریداروں کی بڑی تعداد میں شرکت

Expo Pakistan Launched

Expo Pakistan Launched

کراچی (جیوڈیسک) ایکسپو پاکستان میں مقامی مصنوعات کے ساتھ پاکستان کا کلچر اور آرٹ بھی غیرملکی مہمانوں کی خصوصی دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے، 4 روزہ نمائش کے پہلے روز غیرملکی خریداروں کی بڑی تعداد نے نمائش کا دورہ کیا۔

وزیراعظم نوازشریف کی آمد اور غیرملکی خریداروں کو پاکستانی معیشت کی بہتری اور توانائی بحران کے حل کی نوید سنائے جانے سے پاکستانی ایکسپورٹرز اور غیرملکی خریداروں کے حوصلے بلند ہوگئے، غیرملکی وفود نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر اور سیکریٹری رابعہ جویری آغا سے ملاقات کی اور پاکستان کے ٹیکسٹائل، ہوم ٹیکسٹائل، گارمنٹس، لیدر گارمنٹس، کھیلوں کے سامان، جراحی کے آلات، لائٹ انجینئرنگ، فروٹ اینڈویجیٹبل، رائس اور جیم اینڈ جیولری سیکٹر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

نمائش میں پاکستانی ہنرمندوں بالخصوص دستکاروں کی صلاحیت اجاگر کرنے کے لیے خصوصی ڈسپلے کیا گیا، نمائش کے مرکزی داخلی راستے پر انڈس ویلی اسکول آف آرٹ کے فن پارے رکھے گئے ہیں، اس کے علاوہ ایکسپو سینٹر کی راہداریوں میں بھی پاکستانی ہینڈی کرافٹس اور ثقافت کی منفرد اور دلکش انداز میں نمائش کی گئی ہے، غیرملکی خریداروں کی بڑی تعداد راہداریوں میں رکھی ہینڈی کرافٹس اور ہاتھ سے بنے فن پاروں کے ساتھ تصاویر بنواتے رہے، نمائش کے پہلے روز بیلجیم، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، سری لنکا، ہانگ کانگ، چین سمیت دیگر ملکوں کے وفود نے ایس ایم منیر سے ملاقات کی۔

کراچی چیمبر آف کامرس اور ایف پی سی سی آئی کے ساتھ کاروباری ملاقاتوںکا بھی اہتمام کیا گیا، نمائش میں جاپان کے 50رکنی وفد نے بھرپور شرکت کی جبکہ انجینئرنگ اور آٹو مصنوعات کے پویلین میں پاکستان میں کام کرنے والی جاپانی کمپنیوں نے ’’جیٹرو‘‘ کے تحت اسٹالز لگائے، یورپ کی جی ایس پی پلس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستانی بیڈ لینن، ہوم ٹیکسٹائل اور تولیے کی مصنوعات کا وسیع پویلین غیرملکی بالخصوص یورپی خریداروں کی توجہ کا مرکز بنا رہا، اسی طرح پاکستان میں تیار ہونے والے کھیلوں کے ملبوسات، دستانوں کے اسٹالز پر بھی غیرملکی خریدار سرگرم دکھائی دیے۔

نمائش میں پاکستانی جیم اینڈ جیولری کے خصوصی پویلین نے نمائش میں چار چاند لگادیے، 30کمپنیوں کے اسٹالز پر دیدہ زیب پاکستانی سونے چاندی کے زیورات میں غیرملکی خریداروں نے خصوصی دلچسپی ظاہر کی، ہال نمبر 3 میں پاکستانی فوڈ کمپنیوں، پھل اور سبزیوں کی ایکسپورٹ کمپنیوں کے اسٹالز پر غیرملکی خریداروں کا رش رہا جنہوں نے پاکستانی پھل، سبزیوں اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں خصوصی دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے پاکستانی پھلوں کے ذائقے اور خوشبو کو سراہا، نمائش کے دوسرے روز پاکستانی کمپنیوں اور غیرملکی اداروں کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں (ایم اویوز) پر دستخط کیے جائیں گے۔

نمایاں برآمدات کی حامل 13 کمپنیوں میں ایوارڈز تقسیم وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے نمایاں برآمدات کی حامل 13پاکستانی کمپنیوں کو 9ویں ایکسپو پاکستان 2015کی افتتاحی تقریب کے دوران ایکسپورٹ ایوارڈ سے نوازا، سب سے زیادہ برآمدات پر ان کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے وزیراعظم سے ایکسپورٹ ایوارڈ دینے کی سفارش کی تھی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بڑی تقریب میں ٹی ڈی اے پی نے ملکی برآمدات کو بڑھانے والی کمپنیوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایکسپورٹ ایوارڈ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیر اعظم نے جن کمپنیوں کو ایورڈ سے نواز ہے ان میں شاہد نذیر احمد (مسعود ٹیکسٹائل فیصل آباد)، فواد احمد (غریب ٹیکسٹائل)، محمد علی ٹبا (لکی سیمنٹ)، سید حسن ممتاز (نونا گارمنٹس)، ریاض چنائے (انٹرنیشنل انڈسٹریز کراچی)، مہتاب الدین چاؤلہ (اکرم ٹاول انڈسٹریز)، تنویر احمد مگوں (صدیق لیدر ورکس لاہور)، جاوید اختر (بزوکا فٹبال کمپنی سیالکوٹ)، محمد عارف (ہینڈی کرافٹ کراچی)، خالد اعجاز قریشی، حنان ہمایوں، عزیز اے حنفی اور خواجہ جاوید اختر شامل ہیں، خواجہ جاوید اختر کو 2 مختلف شعبوں میں نمایاں برآمدات پر الگ الگ ایوارڈ دیے گئے۔