ایف 16 گرانے کا دعویٰ مسترد، بھارت نے پائلٹ کو ایوارڈ دیکر خفت مٹائی: پاکستان

Abhinandan

Abhinandan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان نے بھارت کی جانب سے فروری 2019 میں پاکستان کا ایف 16 طیارہ مار گرانے کا دعویٰ مسترد کر دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا ایف 16 طیارہ گرانے کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد اور من گھڑت ہے، بھارتی پائلٹ کو ایوارڈ دینا اپنی عوام کو خوش کرنا اور خفت مٹانا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی ماہرین اورامریکی حکام نے تصدیق کی تھی کہ اس دن کوئی ایف 16 طیارہ نہیں مار گرایا گیا، بین الاقوامی اور امریکی ماہرین نے طیاروں کی تعداد کا جائزہ لیکر طیارہ نہ گرائے جانے کی تصدیق کی لہٰذا بھارتی پائلٹ کو اعزاز سے نوازنا فوجی کنڈکٹ اور اقدار کے منافی ہے اور شکست خوردہ بھارتی پائلٹ کو اعزاز سے نوازنا خود اپنا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 27 فروری 2019کو پاکستان ائیر فورس نے 2 بھارتی جہازوں کو دن کی روشنی میں بہادری سے مار گرایا تھا، ایک بھارتی مگ 21 طیارہ آزاد جموں وکشمیر کی حدود میں گرایا گیا تھا اور تباہ شدہ بھارتی جہازکے پائلٹ کو پاکستان نے پکڑ کر جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کیا جب کہ بھارتی پائلٹ کو واپس بھجوانا اس بات کا غماز ہے کہ پاکستان بھارتی ہٹ دھرمی کے باوجود امن کا خواہاں ہے۔