فیس بک پر طاہرالقادری اور ٹوئٹر پر عمران خان سب سے آگے

Tahir, Imran

Tahir, Imran

اسلام آباد (جیوڈیسک) ایک سروے کے مطابق فیس بک اور ٹوئٹر پر ملک کی مقبول ترین شخصیات میں طاہرالقادری، عمران خان اور پرویز مشرف جبکہ سیاسی جماعتوں میں تحریک انصاف، پاکستان عوامی تحریک اور جماعت اسلامی شامل ہیں۔

سوشل میڈیا کی سب سے مقبول ویب سائٹ فیس بک پر طاہرالقادری 22 لاکھ، 3 ہزار 800 لائیکس کیساتھ پہلے، عمران خان 20 لاکھ 76 ہزار لائیکس کیساتھ دوسرے اور پرویز مشرف 19 لاکھ، 20 ہزار لائیکس کیساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

فیس بک پر پاکستان کی چوتھی مقبول ترین سیاسی شخصیت شہباز شریف ہیں جن کے پیج کو 5 لاکھ 87 ہزار افراد لائیک کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا کی دوسری مقبول ترین ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان 11 لاکھ فالورز کے ساتھ پہلے جبکہ مریم نواز 4 لاکھ 37 ہزار فالوورز کیساتھ دوسرے اور شہباز شریف 3 لاکھ 79 ہزار فالوورز کیساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

فیس بک پر مقبول ترین سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف ہے جس کے پیج کو 14 لاکھ 9 ہزار 862 لوگ لائیک کرتے ہیں جبکہ دوسری مقبول ترین سیاسی جماعت پاکستان عوامی تحریک ہے جس کے پیج کو 13 لاکھ 9 ہزار 696 لوگ لائیک کرتے ہیں۔

فیس بک پرتیسری مقبول ترین سیاسی جماعت جماعت اسلامی ہے جس کے پیج کو 7 لاکھ 66 ہزار 445 لوگ لائیک کرتے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کو54 ہزار، پیپلزپارٹی کے پیج کو 15 ہزار، مسلم لیگ ن کے پیج کو 45 ہزار 518 افراد لائیک کرتے ہیں۔

فیس بک کی طرح ٹوئٹر پر بھی تحریک انصاف 4 لاکھ 9 ہزار فالورز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان عوامی تحریک 76 ہزار فالورز کے ساتھ دوسرے اور مسلم لیگ ن 51 ہزارفالورز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کو ٹویٹر پر 28 ہزارلوگ فالو کرتے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کو 19 ہزارافراد پسند کرتے ہیں۔