فیکٹری مالکان نے سیمنٹ کی بوری 45 روپے تک مہنگی کر دی

Cement

Cement

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد سیمنٹ ڈیلرز نے الزام عائد کیا ہے کہ وفاقی بجٹ میں نئے ٹیکس کو جواز بنا کر فیکٹری مالکان نے سیمنٹ بوری کی قیمت میں 40 سے 45 روپے کا اضافہ کر دیا ہے، یہ اضافہ ملکی تاریخ میں ابتک ایک ریکارڈ ہے سیمنٹ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری آصف سعید نے ذرائع کو بتایا کہ بجٹ میں 6 سے 7 روپے ٹیکس لگایا گیا ہے۔

باقی اضافہ سیمنٹ فیکٹری مالکان نے خود کر لیا ہے، یہ اضافہ سراسر ناجائز ہے جس کیخلاف احتجاج کریں گے۔ آصف سعید نے بتایا کہ سیمنٹ کی بوری 40 سے 45 روپے مہنگی کر دی گئی ہے جس کے بعد اسکی قیمت 495 روپے کی ہو گئی ہے، ادھر دکان داروں کا کہنا ہے کہ اصل منافع تو سیمنٹ مالکان کما تے ہیں گاہک خواہ مخواہ ہم سے لڑتے ہیں۔