فیصل آباد میں 7 اور8 دسمبر کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائد کردی گئی

Double riding

Double riding

فیصل آباد (جیوڈیسک) ضلعی انتظامیہ نے فیصل آباد میں 2 روز کے لیے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کرتے ہوئے شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں 2 روز کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگاتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کردی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کےمطابق فیصل آباد میں 7 اور 8 دسمبر کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر مکمل طور پر پابندی اور دفعہ 144 نافذ ہوگی جس کےتحت 4 سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر بھی پابندی ہو گی۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے ڈبل سواری پر پابندی اور دفعہ 144 کا نفاذ ضلع بھر میں ہوگی اور اس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ انتظامیہ کی جانب سے 8 دسمبر کو تحریک انصاف کی جانب سے فیصل آباد بند کرانے کی کال سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی سمیت دفعہ 144 بھی اسی سلسلے میں لگائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے ملک بھر میں مرحلہ وار احتجاج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت تحریک انصاف 8 دسمبر کو فیصل آباد میں احتجاج کرے گی جس میں شہر کی 9 شاہراہیں بند کی جائیں گی جبکہ عمران خان نے فیصل آباد کے ٹرانسپورٹرز اور تاجروں سے بھی اس دن کاروبار بند رکھنے کی اپیل کی ہے۔