جنونیت اور عدم برداشت کے پہلے متاثرین مسلمان ہیں: فرانسیسی صدر

Francois Hollande

Francois Hollande

پیرس (جیوڈیسک) فرانس کے صدر فرانسو اولاند نے ملک میں تمام مذاہب کے تحفظ کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنونیت سے سب سے زیادہ مسلمان متاثر ہوئے ہیں۔ عرب ورلڈ انسٹیٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے پیرس میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد یکجہتی کا اظہار کرنے پر عرب دنیا کے بسنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسلام جمہوریت سے ہم آہنگ ہے۔

گزشتہ ہفتے پیرس میں جریدے چارلی ایبڈو اور پھر ایک یہودی سپر مارکیٹ میں ہونے والے دہشتگرد حملوں میں کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ فرانس میں کئی دہائیوں کے دوران ہونے والے سب سے ہلاکت خیز حملے تھے۔ اپنے خطاب میں صدر اولاند کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خطرے کے باوجود تمام فرانسیسی متحد ہیں۔

فرانسیسی مسلمانوں کے بھی ہی حقوق ہیں جو دیگر عوام کے ہیں اور ان کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ تمام عبادت گاہوں پر قانون کا پوری طرح سے نفاذ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام مخالف یا یہود مخالف کارروائیوں کی مذمت کی جانی چاہیئے اور ان میں ملوث لوگوں کو سزا دی جانی چاہیئے۔

فرانسیسی صدر کے بقول سخت گیر اسلامی رجحان غربت، اختلافات، عدم مساوات اور تنازعات کا باعث رہا ہے اور یہ مسلمان ہی ہیں جو اس جنونیت، بنیاد پرستی اور عدم برداشت کا پہلا شکار ہیں۔