وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان پل کا کام کرینگے، فاروق ستار

Farooq Sattar

Farooq Sattar

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے رہ نما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان پل کا کام کریں گے۔ وزیر قانون سندھ اور پیپلز پارٹی کے رہ نما سکندر میند ھروکہتے ہیں کہ ایم کیوایم ایک مرتبہ پھرسندھ حکومت میں شامل ہو گی۔ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے افطار عشائیہ میں پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ (ن)، مسلم لیگ(ق) اورمسلم لیگ فنکشنل کے رہنماوں، غیر ملکی سفارت کاروں، فن کاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن)کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرکے ملکی مسائل اور پیپلزپارٹی کے ساتھ بہتر روابط قائم کرکے سندھ کے مسائل حل کرنا چاہتے ہے۔ افطار ڈنر میں شریک وزیر قانون سندھ اور پیپلز پارٹی کے رہ نما سکندر میندھرو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو امیدہے کہ متحدہ قومی موومنٹ ایک مرتبہ پھر حکومت میں شامل ہوگی۔ پیپلزپارٹی کے جو بھی وزیر یا ارکان اسمبلی کوئی بھی متضاد بیانات دیتے ہیں اس کا پارٹی پالیسی سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔

مسلم لیگ فنکشنل کے رہ نما امتیاز شیخ نے کہا کہ اختلافات اپنی جگہ تاہم ملاقاتوں اور رابطوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے ۔ سیاست میں بھی مل کر عوام کے مسائل حل کریں گے۔افطار عشائیے میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی میں جگہ جگہ گندگی کی بھی نشاندہی کی، انھوں نے مطالبہ کیا کہ شہری حکومت کے فنڈز جلد از جلد بحال کیے جائیں ورنہ عید کے بعد صفائی مہم اور احتجاج دھرنوں کا سلسلہ شروع کریں گے۔