تھوڑا سا بھی احساس ہے، اللہ سے ڈر نہیں لگتا؟ مریم کا وزیراعظم سے سوال

Imran Khan and Maryam Nawaz

Imran Khan and Maryam Nawaz

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے مری میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے پر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ مری میں بے یارو مددگار برف میں دھنسے رہنے والے پورے کے پورے خاندانوں کی موت کے دردناک واقعے نے دل ہلا کے رکھ دیا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت کو کوسنے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ یہ مردہ ضمیر حکومت بہت پہلے مر چکی ہے، اللہ تعالی مرحومین اور ان کے لواحقین اور پاکستان پر اپنا خصوصی رحم فرمائے۔

مری میں شدید برفباری اور سیاحوں کے رش سے سانحہ، کئی شہریوں کی اموات، شہر آفت زدہ قرار، ایمرجنسی نافذ
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومتوں کا کام صرف سیاح گننا نہیں بلکہ ان کے لیے پیشگی انتظامات اور حفاظتی اقدامات کرنا ہے، شہباز شریف کے بوٹوں اور خدمت کا مذاق اُڑانے والا اپنے محل میں بیٹھا اپنی گرتی ہوئی حکومت بچانے کی کوششوں میں مصروف ہے، یہ اموات برفباری سے نہیں حکومتی غفلت سے ہوئی ہیں۔

مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیگ کرتے ہوئے پوچھا کہ تھوڑا سا بھی احساس ہے عوام کا یا رحم سے بالکل دل عاری ہے؟ اللہ سے ڈر نہیں لگتا؟