باماکو(جیوڈیسک)براعظم افریقہ کے ملک مالی کے شمال میں جہادی عسکریت پسندوں کیخلاف فوجی کارروائیوں کے بعد فرانسیسی فوج کے درجنوں اہلکاروں نے علاقے سے انخلا شروع کر دیا ہے۔
مالی میں تعینات فرانسیسی فوج کے کرنل سائرلے زیمر نے صحافیوں کو بتایا کہ ٹمبکٹو میں عسکریت پسندوں کیخلاف کارروائیوں کے بعد 100 فرانسیسی فوجی علاقے سے نکل گئے ہیں۔
جس کے بعد علاقے کا کنٹرول مالی کی مسلح افواج کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ زدہ علاقے میں 20 فوجی مالی کی مسلح افواج کیساتھ تعینات رہیں گے۔ گزشتہ روز فرانس کے وزیر دفاع نے ٹمبکٹو کا دورہ کیا تھا۔
اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرانس جنگ زدہ علاقے میں موجود چار ہزار فوجیوں کی تعداد کم کرکے ایک ہزار کرے گا۔
فرانس کی مسلح افواج نے جنوری 2013 میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والے جہادیوں کیخلاف مالی کی فوج کیساتھ مل کر کارروائی شروع کی تھی۔ ادھر اقوام متحدہ کے چھ ہزار امن فوجی جولائی سے علاقے کا انتظام سنبھال لیں گے۔