سیلاب متاثرین کو نئے گھر تعمیر کر کے دیں گے: وزیراعظم نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

ملتان (جیوڈیسک) ملتان میں شیر شاہ بند پر وزیراعظم نے سیلاب زدہ علاقے کا دورہ کیا۔ کمشنر ملتان نے انہیں ملتان اور خانیوال کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے بارے بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ خانیوال اور ملتان میں سیلاب سے 210 دیہات اور ایک ساڑھے تین لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں جبکہ ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو نقل مکانی کرائی گئی۔

سیلاب سے ایک لاکھ ایکڑ رقبہ متاثر ہوا۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے 153 مشینیں استعمال کی جا رہی ہیں۔

سیلاب متاثرین کو تین وقت کا کھانا تقسیم کیا جا رہا ہے تاہم بریفنگ کے دوران ملتان کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے ارکان وزیراعظم کیساتھ موجود تھے۔ بریفنگ کے بعد سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ جب تک یہ مصیبت ٹل نہیں جاتی شہباز شریف اور نواز شریف آپ کیساتھ ہیں۔

پولیس، فوج اور ریسکیو اہلکاروں کا شکر گزار ہوں۔ وزیراعظم نے خطاب میں مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کو مکانات تعمیر کرکے دیں گے اور اس عمل کی میں خود نگرانی کروں گا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مصیبت ختم کرے۔ اس مشکل وقت میں سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔