فوم اور پلاسٹک کی کرسیاں متعارف، بید کی کرسیاں استعمال کر نے کے رجحان میں کمی

Craftsmen

Craftsmen

کراچی (جیوڈیسک) جدید ڈیزائن کی فوم، پلاسٹک اور دیگر طرح کی کرسیاں متعارف ہونے کے بعد قدیم طرز کی تیار ہونے والی بید کی کرسیوں کے استعمال کے رجحان میں کمی واقع ہو گئی ہے اور اب یہ کرسیاں صرف سرکاری دفاتر میں نظر آتی ہیں۔

ان کرسیوں کے تیار کر نے والے کاریگروں کی آخری نسل اس پیشے سے وابستہ ہے، کاریگروں کا کہنا ہے کہ آئندہ چند سالوں میں یہ کرسیاں ناپید ہو جائیں گی، بید سے کرسیاں تیار کرنے والے کاریگروں پر ایک تفصیلی سروے کیا، لیاقت آباد میں اس قدیم ترین پیشے سے منسلک کاریگروں بشیر احمد اور مسرور حسین نے بتایا کہ بید کی مدد سے تیار کرنے والی کرسیوں کو کین چیئر بھی کہا جاتا ہے۔

یہ کرسیاں شیشم کی لکڑی اور بید سے تیار کی جاتی ہیں، کراچی میں یہ کرسیاں آرام باغ، لیاقت آباد، سندھی ہوٹل، منظور کالونی اور سولجر بازار میں تیار کی جاتی ہیں، کراچی میں آج سے 10 برس قبل اس پیشے سے وابستہ کاریگروں کی تعداد 1500 سے زائد تھی، جو اب گھٹ کر 200 تک محدود ہو گئی ہے۔