معاہدہ نہ ہوا تو کوئی فوجی افغانستان میں نہیں رہے گا، امریکا

Obama

Obama

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر باراک اوباما نے افغان جنگ میں شامل مشیروں اور ملٹری کمانڈرز سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں سیکریٹری دفاع چک ہیگل، افغانستان میں نیٹو اور امریکی افواج کے کمانڈر میرین جنرل جوزف ڈنفورڈ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف شامل تھے۔ وائٹ ہائوس کے ترجمان جے کارنی نے بتایا کہ ملاقات میں افغانستان سے انخلا اور تعطل کا شکار مجوزہ معاہدے پر غور کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ اگر حامد کرزئی نے معاہدے پر جلد دستخط نہ کیے تو ایک بھی امریکی فوجی افغانستان میں نہیں رہے گا۔ انھوں نے کہاکہ یہ اب کچھ ہفتوں کا معاملہ ہونا چاہیے کیونکہ وقت بہت تیزی سے گزر رہا ہے۔

افغانستان سے 2014ء کے بعد امریکی انخلا اور کچھ فوج کے وہاں ٹھہرنے کے بارے میں منصوبے افغان صدر حامد کرزئی کی جانب سے سیکیورٹی معاہدے پر دستخط نہ کرنیکی وجہ سے التوا کا شکار ہیں۔ دریں اثنا افغان طالبان نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ وہ افغان حکومت کیساتھ مذاکرات کرتے رہے ہیں۔