سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے منسوب مبینہ آڈیو ٹیپ سامنے آگئی

Saqib Nisar

Saqib Nisar

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار سے منسوب ایک مبینہ آڈیو ٹیپ سامنے آگئی جبکہ سابق چیف جسٹس نے خود سے منسوب آڈیو کلپ کی تردید کر دی۔

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا مبینہ آڈیو ٹیپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کی جگہ بنانے کیلئے نواز شریف کو سزا دینی ہو گی، مریم نواز کو بھی سزا دینی ہو گی۔

مبینہ آڈیو کلپ میں وہ مبینہ طور پر تسلیم کر رہے ہیں کہ مریم نواز کو بھی سزا دینی ہو گی اگرچہ مریم نواز کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے۔

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے خود سے منسوب مبینہ آڈیو ٹیپ کی تردید کر دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آڈیو میں آواز میری نہیں ہے، مجھ سے منسوب کی گئی آڈیو جعلی ہے، کبھی کسی کو اس حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دیں۔

آڈیو کے معاملے پر کوئی قانونی نوٹس بھیجیں گے؟ اس پر ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ سوچ رہا ہوں کیا قانونی راستہ اختیار کیا جائے۔