ہمارے پاس دھاندلی کے ثبوت ہیں جو اعلیٰ عدالت میں دیں گے: ٹرمپ

 Donald Trump

Donald Trump

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس پر انتخابات چوری کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے پاس دھاندلی کے ثبوت ہیں جسے اعلیٰ عدالت میں پیش کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ الیکشن میں ملی بھگت سے دھاندلی کی گئی اور مجھے دھوکہ دہی کے ذریعے جیت سے باہر کیا جا رہا ہے۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ مجھے پنسلوینیا میں7 لاکھ زیادہ ووٹ ملے لیکن میرے ووٹ کم کرکے 90 ہزار کی برتری ظاہر کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹس الیکشن چوری نہ کرتے تو میں جیت جاتا، ڈیموکریٹس نے غیر قانونی ووٹوں کے ذریعے الیکشن چوری کرنے کی کوشش کی، مداخلت کے باوجود میں فلوریڈا، آئیوا، انڈیانا اور اوہائیو کی اہم ریاستوں میں جیتا۔

صدر کا کہنا تھا لوگ جانتے ہیں اور دیکھ رہے ہیں کہ کیا ہو رہا ہے، ہمارے پاس دھاندلی کے ثبوت ہیں جسے اعلیٰ عدالت میں پیش کریں گے، ہم سمجھتے ہیں کہ بڑے پیمانے پر قانونی چارہ جوئی ہو گی، ہمارا مقصد ملک کی سالمیت کو قائم کرنا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس کے اختتام پر صحافیوں کے سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا۔

دوسری جانب امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلد ٹرمپ نے دھاندلی کے کوئی ثبوت پیش نہیں کیے۔

واضح رہے کہ امریکا میں صدارتی انتخابات کے نتائج تقریباً سامنے آچکے ہیں جن میں ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن کو واضح برتری حاصل ہے جب کہ کچھ ریاستوں میں نتائج میں تاخیر ہوئی ہے جس پر ٹرمپ نے دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے۔