غیر ذمہ دار افسران نے ساری محنت پر پانی پھیر دیا :افضل کھوکھر

Afzal Khokhar

Afzal Khokhar

رائے ونڈ (جیوڈیسک) مشیر وزیر اعظم ایم این اے ملک افضل کھوکھر نے تالاب سرائے میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے زیر اہتمام مکمل ہونے والی پی سی سی گلیوں اور مرکزی راستوں کا سروے کیا۔ اس دوران انہوں نے مختلف جگہوں پر ہونے والے کام کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے موقع پر ہی محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کی سخت سرزنش کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تالاب سرائے میں کروڑوں روپے کے فنڈ دینے کے باوجود محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے غیر ذمہ دار افسران نے ہماری ساری محنت پر پانی پھیر دیا ہے۔ کسی گلی کا لیول ٹھیک نہیں رکھا گیا، جس کی وجہ سے جگہ جگہ نکاسی آب کے مسائل پیدا ہوگئے ہیں اور عوام مشکلات کا شکار ہیں۔ غیر معیاری کام ہونے سے حکومت کا کروڑوں روپے مٹی تلے دب گیا ہے۔

افضل کھوکھر نے کہا کہ پورے علاقہ کی خراب ادھوری گلیاں انہی افسروں سے اور اسی فنڈ میں مکمل کروائیں گے، وزیر اعلیٰ کے ترقیاتی فنڈز میں ایک ایک اینٹ کا حساب لینا ان کی ذمہ داری ہے، عوام کا پیسہ عوام پر لگائیں گے، یہی مسلم لیگ ن کا مشن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اگلے ہفتے رائے ونڈ میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات کا سروے کریں گے۔