آنے والی نسلوں کی مستقبل کو محفوظ بنا نے کے لئے ہماری اپیلوں پر توجہ نہ دی گئی تو سڑکوں پر احتجاج پر مجبور ہونگے، علاقہ مکین اسلام پورہ

راولپنڈی : ضلع راولپنڈی تحصیل ٹیکسلا یونین کونسل لب ٹھٹھو گائوں اسلام پورہ کے مکینوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے پر زور اپیل کی ہے کہ گائوں اسلام پورہ میں ہوٹلوں اور لاری اڈوں پر سر عام شراب نوشی ،اور منشیات فروشی کا فوری خاتمہ کیا جائے مکینوں نے کہاکہ جرائم پیشہ عناصر کی غیر قانونی کاروبار کی وجہ سے یہاں کی نوجوان نسل تباہی کی طرف جارہی ہے۔

جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کی وجہ سے علاقے میں جرائم کی وارداتوں میں بھی روز بروز اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے عوام شدید ذہنی کرب میں مبتلا ہیں علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ گائوں السام پورہ کے نوجوانوں کی تباہی اور آنے والی نسل کے مستقبل کو محفوظ بنا نے کے لئے جرائم پیشہ ، شراب فروش، شراب نوشی کرنے والوں اور منشیات فروشوں کی سرکوبی کرکے ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لاکر اسلام پورہ گائوں سے غیر قانونی سرگرمیوں اور کاروبار کا فوری خاتمہ کیا جائے۔

اسلام پورہ گائوں کے مکینوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب ،گورنر پنجاب ، چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ضلع راولپنڈی تحصیل ٹیکسلا یونین کونسل لب ٹھٹھو گائوں اسلام پورہ سے جرائم پیشہ عناصراور منشیات فروشوں اور ان کے سرپرست علاقے کے بااثر سیاسی شخصیات کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

اسلام پورہ کے مکینوں نے اعلیٰ حکام سے کہاہے کہ اگر ہماری اپیل پر توجہ نہ دی گئی تو جرائم پیشہ عناصر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث سیاسی شخصیات کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کیا جائے گا ۔