غازی عبدالرشید قتل کیس: پرویز مشرف کو حاضری سے ایک دن کا استثنی مل گیا

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے غازی عبد الرشید قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی آج کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی۔

ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے پرویز مشرف کے خلاف غازی عبد الرشید قتل کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ اور لال مسجد کے وکیل طارق اسد عدالت میں پیش ہوئے۔

پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ نے سیکورٹی خدشات کے باعث سابق صدر کی جانب سے آج کی حاضری سے استثنی کی درخوست دائر کی۔

مشرف کے وکیل اختر شاہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ پرویز مشرف کی جان کو سنگین خطرہ ہے سابق صدر صحتیاب بھی نہیں ہیں سیکورٹی انتظامات بہتر ہونے پر پرویز مشرف کو پیش کیا جائے گا آج کی حاضری سے استثنٰی دیا جائے۔

اختر شاہ نے استدعا کی کہ کیس کی سماعت اکتیس مارچ کے بعد مقرر کی جائے۔ عدالت نے پرویز مشرف کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت پانچ اپریل تک ملتوی کر دی۔