حکومت کا توہین آمیز خاکوں کیخلاف متفقہ قرارداد لانے کا فیصلہ

 National Assembly

National Assembly

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی صدارت میں آج دو پہر 2 بجے ہو گا، اجلاس میں ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حق میں اور توہین آمیز خاکوں کے خلاف حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے متفقہ قرارداد پیش کی جائے گی۔

حکومت نے مغربی ملکوں میں جاری توہین آمیز خاکوں کے خلاف متفقہ قرارداد قومی اسمبلی میں لانے کا فیصلہ کیا ہے، قرارداد حکومت اور اپوزیشن کے تمام ارکان کے دستخطوں کے ساتھ قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے اسپیکر آفس کے ذریعے اپوزیشن چیمبر سے رابطہ کیا گیا ہے، بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں معاملے پر غور کر کے حتمی مسودہ مرتب کیا جائے گا، بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں تمام پارلیمانی رہنماؤں کے دستخطوں سے مسودہ تیار کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی اجلاس سے قبل اپوزیشن رہنماؤں کو آگاہ کیا جائے گا، بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس آج دن ایک بجے بلایا گیا ہے۔

بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کے فوری بعد 2 بجے قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہو گا، قرارداد کی منظوری کے بعد ارکان کو اظہار خیال کے لیے مختصر وقت بھی دیا جائے گا۔