حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ، وزیر داخلہ اور وزیر اطلاعات شریک

Government's Negotiating Committee

Government’s Negotiating Committee

اسلام آباد (جیوڈیسک) طالبان سے مذاکراتی عمل کیلئے حکومتی کمیٹی کا وزیر اعظم کے ساتھ اجلاس جاری ہے، اجلاس میں چاروں کمیٹی ارکان، وزیر داخلہ اور وزیر اطلاعات شریک ہیں۔وزیر اعظم نواز شریف کو اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی جائے گی۔

ایف سی اہل کاروں کے قتل کے بعد مذاکرات میں آنے والے تعطل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے، دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور ان کی ذمہ داری طالبان کی جانب سے قبول کیے جانے کے بعد حکومت بات چیت جاری رکھے گی یا کوئی اور راستہ اختیار کیا جائے گا، اگلا اقدام آج طے ہونے کا امکان ہے۔

حکومت کی مذاکراتی کمیٹی نے آپس میں مشاورت کے بعد وزیراعظم سے ملاقات میں مذاکرات کے مستقبل پر ہدایات لینی ہیں۔ میاں نواز شریف کو اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی جائے گی، جبکہ وزیراعظم کمیٹی کو ان شرائط سے آگاہ کر سکتے ہیں جن بنیادوں پر مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

گزشتہ روز حکومتی کمیٹی نے ایف سی اہل کاروں کے قتل کے ردعمل میں طالبان کمیٹی سے ملنے سے معذرت کی تھی۔ طالبان کی نامزد کمیٹی طالبان سے رابطوں کی کوشش کررہی ہے تاکہ ان اہل کاروں کی لاشوں کو واپس لایا جاسکے۔

کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم نے بتایا کہ طالبان سے رابطوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں، کوشش ہے کہ اہل کاروں کے قتل کی وجوہات جانی جاسکیں اور ان سوالوں کے جواب حاصل کیے جا سکیں جو عوام کی جانب سے اٹھائے جا رہے ہیں۔