حکومتی اعلانات کے باوجود رمضان میں بجلی کا سنگین بحران جاری

Lahore Load Shading

Lahore Load Shading

لاہور (جیوڈیسک) ملک میں بجلی کی پیداوار بڑھ کر 14 ہزار 650 میگاواٹ تک پہنچ گئی مگر سحر و افطار اور تراویح میں بجلی غائب ہونے کی شکایات کم نہ ہو سکیں۔ ملتان میں شہری سڑکوں پر نکل آئے، لاہور میں بجلی کا بحران رمضان المبارک میں بھی کم نہ ہو سکا، حکومتی اعلانات کے باوجود غیر اعلانی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ عروج پر ہے، سحر، افطار اور تراویح کے دوران بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہتی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں جھوٹے دلاسے دیئے گئے رمضان میں پہلے سے بھی زیادہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، شیڈول پر قطعی عمل نہیں ہو رہا۔ گرمی اور حبس کی شدت سے گھریلو صارفین کا برا حال ہے، کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ اور بار بار ٹرپنگ سے شہری مصیبت میں پڑ گئے ہیں۔

ٹرپنگ سے الیکٹرانک اشیا جلنے کا خطرہ ہے اور دوسری طرف عبادت میں بھی مشکل پیش آرہی ہے۔ توانائی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومتی اعلانات سے کچھ نہیں ہو گا، عوام کوریلیف دینا ہے تو بجلی کی پیداوار بڑھانا ہو گی۔