حکومت نے اسلام آباد میں ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی لگا دی

Government Meeting

Government Meeting

اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے اسلام آباد میں ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی جبکہ ڈاکٹر طاہر القادری کی وطن واپسی پر انہیں مکمل سکیورٹی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی اس دوران وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ اجلاس میں گزشتہ روز اسلام آباد کے شہزاد ٹاؤن میں مزار پر ہونےوالے دھماکے کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیرداخلہ چوہدری نثار نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی پاکستان واپسی پر انہیں سخت سکیورٹی دینے کا حکم دیا جبکہ انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ عوامی تحریک کی ریلی کے لئے بہترین انتظامات کیے جائیں تاکہ ریلی کے شرکا کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔