حکومت پنجاب کے ایجنڈے میں روزگار کی فراہمی سر فہرست ہے، کسی شخص کو بیروزگار نہیں کیا جائے گا

لاہور : صوبائی وزیر ہائوسنگ تعمیرات ومواصلات ملک تنویر اسلم اعوان نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ایجنڈے میں روزگار کی فراہمی سر فہرست ہے اور کسی شخص کو بیروزگار نہیں کیا جائے گا۔ کنٹریکٹ ملازمین کو جلد مستقل کر دیا جائے گا۔مطالبات اور مسائل جلسے جلوسوں اور ہڑتالوں سے نہیںبلکہ مذاکرات کی میز پر حل کئے جائیں گے۔

وہ آج یہاں لیک روڈ پر آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ایپکا یونٹ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لینے کے بعدتقریب میں سرکاری ملازمین سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کا ویژن ہے کہ سرکاری ملازمین کو زیادہ سے زیادہ مراعات اور ملازمت کا تحفظ دیا جائے جس پر ہر صورت میں عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی ،ترکی ،چین اوردیگر بیرونی ممالک کے دوروں سے وزیراعلی کے خلوص حب الوطنی کو جانچا جا سکتا ہے کہ وہ اس ملک کی معیشت،زراعت اور توانائی بحران کے حل کے لئے کس قدر مخلص ہیں۔ تقریب میں ایم پی اے میاں مرغوب احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے گزشتہ سالوں کے بہترین ریکارڈ کی وجہ سے تیسری بار برسراقتدار آئی ہے۔ان کی کاوشوں اور ملکی ترقی کے لئے کئے جانے والے ترقیاتی کاموں پر شک کرنا سراسر زیادتی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداران کی جانب سے پیش کئے جانے والے مطالبات وزیراعلی کے علم میں لائے جائیں گے اور جلد کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کر دیا جائے گا۔

تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری ہائوسنگ لیاقت علی خلیق،نجم ولی خان، ڈویژنل صدر صفدر حسین اور ضیاء اللہ چوہدری نے بھی خطاب کیا۔ حلف اٹھانے والے عہدیداران میں عظمت حسین اعوان، قاسم مصطفی،ذوالفقار علی، محمد تنویر، رانا ثاقب نثار، محمد اظہر ڈوگر، محمد طارق، محمد حنیف،محمد رمضان،طاہر محمود، چوہدری محمد سلیم اور ارشد حمید بٹ شامل تھے۔