حکومت دہشت گردی کے خاتمہ اور عوام کے معاشی مسائل کے حل میں ناکام ہو چکی ہے۔مقصود احمد

Terrorism

Terrorism

لاہور : امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کا اصل مسئلہ دہشت گردی پر قابو پانا اور عوام کے معاشی مسائل کا حل ہے لیکن حکومت ان دونوں مسائل کے حل میں ناکام ہوچکی ہے۔

ووٹوں کے ذریعے برسراقتدار آنے والے ابھی تک حقیقی حکمران نہیں بن سکے ہیں۔ پاکستان میں ایک ایسی ”باطنی حکومت” قائم ہے جو عوام کونظر نہیں آتی، ریاستی حکمرانی کا پورا نظام جھوٹ اور فریب پر قائم ہے۔ اصل حکمران کون ہے اختیارات وفیصلہ سازی کی کنجیاں کن ہاتھوں میں ہیں۔

اگر اس بنیاد پر موقف اختیار کیا جائے تو کم از کم ہمیں اپنی قومی بیماریوں اور علاج کا توعلم ہوجائے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت اور ماضی کی حکومت میں کوئی فرق نہیں ہے۔ بعض مناصب اور اداروں میں چہرے بھی تبدیل نہیں ہوئے۔

اسی طرح امریکی وار آن ٹیرر پاکستان میں تباہ کاری کی علامت اور قبائلی علاقوں کے عوام اور فوج کے تصادم کی وجہ ہے۔ عوام کی نمائندہ اور منتخب حکومت ان مسائل کے حل کیلئے کوئی آزادانہ اورخود مختار فیصلہ نہیں کرسکی۔ پارلیمنٹ پہلے کی طرح اب بھی ربراسٹمپ کا کردار ادا کر رہی ہے۔