گورنر سندھ سے چوہدری نثار کی ملاقات، امن و امان سمیت اہم امور پر گفتگو

Governor Sindh - Ch Nisar

Governor Sindh – Ch Nisar

کراچی (جیوڈیسک) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی اور صوبے کی سیاسی اور امن و امان سے متعلق صورتحال پر گفتگو کی۔ گورنر ہاوس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنی اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی خیریت دریافت کی او ر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر عزم ظاہر کیا گیا کہ صوبے اور شہر میں قیام امن کیلئے تما م وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ گورنر اور وفاقی وزیر داخلہ نے اتفاق کیا کہ کراچی میں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے تمام سیاسی اکائیوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا جس کے صوبے اور شہر پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کا کوئی دین، مذہب نہیں ہوتا ہے یہ مخصوص ذہنیت کے تحت ملک اور صوبے میں تخریبی کارروائیاں کرکے معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔

ان دہشت گردوں کو مل کر ہی شکست دی جا سکتی ہے۔ دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ شہر کو پرامن بنانے کیلئے صوبائی حکومت کو جن وسائل کی بھی ضرورت ہوگی وفاقی حکومت اسے مہیا کرے گی۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ صوبے اور شہر میں قیام امن کیلئے بلا تفریق و دباو ہر قسم کی مصلحت اور مفادات سے بالا تر ہوکر اپنا کردار ادا کریں۔