کراچی : گریجویٹ فورم کے زیر اہتمام آرٹس کونسل کے منظر اکبر ہال میں “گداگری سے پیدا ہونے والے مسائل اور ان کا تدارک “کے عنوان سے ایک مذاکرہ منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی حق پرست سینیٹر عبدالحسیب خان تھے مذاکرہ میں ایم کیو ایم کے رابطہ کمیٹی کے رکن احمد سلیم صدیقی ،حق پرست رکن قومی اسمبلی کشور ذہرہ ،گریجویٹ فورم کے صدر عبدالقادر خانزادہ، کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی، ڈاکٹر فتح محمد برفت۔
ڈاکٹرعبدالمالک ،پروفیسر اعجاز فاروقی،محمد محموداحمد، ڈاکٹر مستغیث الرحمن،ڈاکٹر صلاح الدین ثانی کے علاوہ اساتذہ، پروفیسرز،ڈاکٹرز، انجینئرز اور معززین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی مذاکرہ کے عنوان پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن احمد سلیم صدیقی نے کہاکہ پیشہ ور بھکاریوں نے کراچی میں کئی سیاسی ،سماجی اور معاشی مسائل پیدا کردیئے ہیں اور ان کی وجہ سے جرائم میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
گدا گری سے نبردآزما ہونے کے لئے انتظامیہ کو سخت اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ گریجویٹ فورم نے گداگری کے عنوان پر مذاکرے کا انعقاد کرکے ایک اہم مسئلے کو اُجاگر کیا ہے مذاکرے سے اپنے خطاب میں سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہاکہ کراچی میں پیشہ ور بھکاریوں نے ہر قسم کی برائیوں کو جنم دیا ہے اور جس عمل سے برائی جنم لے اس کا سد باب کیا جانا معاشرے کی اولین ترجیحی ہونی چاہیئے ڈاکٹر صلاح الدین ثانی نے کہاکہ اسلام میں پیشہ ور گداگروں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
دین اسلام نے ہمیشہ دینے کین تلقین کی ہے اور انسان کو اپنے ذرائع کے مطابق زندگی گزارنے کا موقع دیا ہے ۔مذاکرہ میں دیگر مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ ور گدا گرایک مافیا ہے جو ایک انڈسٹری کی شکل اختیار کرتی جارہی ہے اور کراچی میں تو گدا گر ی کے ٹھیکے کروڑوں میں فروخت کئے جاتے ہیں اور پیشہ ور گداگر ی کہیں پر بھی ہو برائیوں کی پیداوار کا سبب بنے گی مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں پیشہ ور گداگر مافیا کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اور اس میں سرکردہ افراد کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزادی جائے۔