گران فروشی سے دستر خوان سکڑ گئے ہیں, عوام سحر و افطار کی نعمتوں سے محروم ہیں, عمران چنگیزی

کراچی : نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن ( این جی پی ایف ) کے چیئرمین عمران چنگیزی نے مہنگائی و گرانفروشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی نمائندگان کی عدم موجودگی، متعلقہ اداروں کی کرپشن اور حکمرانوں کی غفلت کے باعث عوام اہتمام رمضان کی برکتوں اور سحرو افطار کی نعمتوں سے محروم ہیں۔ اشیائے ضروریہ عوام کی قوت خرید سے باہر ہوچکی ہیں اور جاگیردار طبقات سے تعلق رکھنے والے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز ذخیرہ اندوزی و گرانفروشی کنٹرول کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں۔

یہ صورتحال بلدیاتی اداروں کی اہمیت و ضرورت کو اجاگر کررہی ہے اسلئے فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں کیونکہ عوامی نمائندے ہی بلدیاتی سطح پر گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ کرکے عوام کو مہنگائی سے نجات کے ساتھ کرپشن، ٹارگیٹ کلنگ، بھتہ خوری اور بد امنی جیسے مسائل سے بھی نجات دلاسکتے ہیں۔

مگر حکمرانوں کا بلدیاتی انتخابات سے اجتناب ثابت کر رہا ہے کہ حکمران عوامی مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہیں نہ ہی انہیں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور عوام کو سہولیات و تحفظ کی فراہمی سے کوئی دلچسپی یا غرض ہے ان کا مطمع نظر صرف اختیار، اقتدار، پیسہ اور پاور ہے اور وہ طبقاتی و گروہی مفادات کیلئے عوام کو قربان کر رہے ہیں۔