ممنون حسین نے پاکستان کے بارہویں صدر کا حلف اٹھا لیا

Mamnoon Hussain

Mamnoon Hussain

اسلام آباد (جیوڈیسک) ممنون حسین نے ملک کے بارہویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چودھری نے نو منتخب صدر سے حلف لیا نومنتخب صدر مملکت کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی۔ سابق صدر آصف علی زرداری بھی خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کیلئے لاہور سے اسلام آباد پہنچے۔

وزیراعظم نواز شریف، عسکری قیادت، وفاقی وزرا، قائد حزب اختلاف خورشید شاہ اور ارکان پارلیمنٹ بھی تقریب میں موجود تھے۔ نومنتخب صدر کی حلف برداری کی تقریب میں غیر ملکی سفیروں نے بھی شرکت کی۔ واضع رہے کہ ممنون حسین منگل 30 جولائی 2013 کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں بھاری اکثریت سے ملک کے بارہویں صدر منتخب ہوئے تھے۔ انھوں نے 432 ووٹ لئے۔ تحریکِ انصاف کے جسٹس (ر) وجیہہ الدین ان کے مدِمقابل تھے جنہوں نے 77 ووٹ حاصل کئے۔

ممنون حسین 1940 میں بھارت کے شہر آگرہ میں پیدا ہوئے۔ پاکستان کے قیام کے بعد ان کا خاندان نقل مکانی کر کے پاکستان آگیا۔ انھوں نے انسٹیٹوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی سے گریجویٹ کی۔ 1993 میں جب پاکستان کے اس وقت کے صدر غلام اسحاق خان نے محمد نواز شریف کی حکومت برطرف کی۔

تو ان دنوں ہی ممنون حسین شریف برادران کے قریب پہچنے اور بعد میں وہ مسلم لیگ سندھ کے قائم مقام صدر سمیت دیگر عہدوں پر فائز رہے۔ ممنون حسین 1997 میں سندھ کے وزیراعلی لیاقت جتوئی کے مشیر رہے۔ 1999 میں انہیں گورنر مقرر کیا گیا مگر صرف چھ ماہ بعد ہی میاں نواز شریف کی حکومت کا تخہ الٹ گیا اور وہ معزول ہو گئے۔