ہرے پتے والی سبزیاں اور انڈے کی زردی یادداشت کو بہتر بناتی ہیں، تحقیق

Leafy Green Vegetables

Leafy Green Vegetables

تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ جن بالغ افراد کے جسم میں لیوٹین کی مقدار ذیادہ ہوتی ہے وہ کئی برس پہلے سیکھے ہوئے کاموں کو یاد کرسکتے ہیں اور معلومات کو دُہرا سکتے ہیں لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ سبز پتوں والی سبزیاں ، بروکولی ( شاخ گوبھی) اور انڈے کی زردی کا استعمال جاری رکھا جائے تاکہ ادھیڑ عمری اور بڑھاپے میں نسیان سے محفوظ رہا جا سکے۔

یونیورسٹی آف الینوائے کے ماہرین نے 65 سے 75 سال کے 122 افراد کا بغور جائزہ لیا جس میں ان کے خون کے نمونوں میں لیوٹین کو نوٹ کیا اور اس دوران ایم آر آئی سے دماغی ساخت کاجائزہ بھی لیا گیا۔ ماہرین نے دماغ کے ٹیمپرل کارٹیکس پر توجہ رکھی جو کرسٹلائزڈ انٹیلی جنس کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

جن افراد کے خون میں لیوٹین زیادہ تھا انہوں نے یادداشت کے ٹیسٹ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اس تحقیق کے بعد اس پر کام کرنے والے سب سے اہم ماہر نے کہا کہ ہم محض یہ مفروضہ پیش کررہے ہیں کہ لیوٹین دماغی ساخت پر بھی اثر انداز ہوتا ہے، شاید یہ سوزش کم کرکے ایک خلیے کے دوسرے خلیے سے رابطے کو مضبوط بناتا ہے۔

دوسری جانب ماہرین نے کہا ہے کہ بعض خوراک اور اجزا عمر کے ساتھ ساتھ دماغی صلاحیت کو متاثر ہونے سے روکتے ہیں جب کہ ہری سبزیوں میں پایا جانے والاجزو لیوٹین نظر کوکمزور نہیں ہونے دیتا۔ صحت و حسن کے ماہرین کے مطابق پالک اور بروکولی کا استعمال چہرے پر جھریوں کو دور کرتا ہے اور جلد کو نمی فراہم کرتا ہے، ان سبزیوں میں ایک خاص جزو لیوٹین پایا جاتا ہے جو ’’قلمی ذہانت‘‘ کرسٹلائزیشن انٹیلی جنس والے دماغی حصے کو محفوظ اور توانا رکھتا ہے۔