گجرات کی خبریں 03.4.2013

گوجرانوالہ اور گجرات محکمہ سوئی گیس کی ٹیم کا محلہ چاہ ترہنگ میں آپریشن پاٹری کارخانہ کا میٹر کاٹنے کی کوشش پر تصادم

گجرات (جی پی آئی ) گوجرانوالہ اور گجرات محکمہ سوئی گیس کی ٹیم کا محلہ چاہ ترہنگ میں آپریشن پاٹری کارخانہ کا میٹر کاٹنے کی کوشش پر تصادم معروف صنعتکار جاوید گجر الیاس گجر سمیت سات فیکٹری ملازمین زخمی معاملہ تھانہ تک پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ اور گجرات کی محکمہ سوئی گیس کی مشترکہ ٹیم نے سینئر آفیسر ثناء اللہ آف گوجرانوالہ کی سربراہی میں محلہ چاہ ترہنگ میں کئی مقامات پر پاٹری کارخانوں پر چھاپے مارے اور گیس میٹر ریڈنگ اور پائپ لائن سپلائی چیک کرتے رہے۔ محکمہ سوئی گیس کی ٹیم نے محلہ چاہ ترہنگ میں جب معروف صنعتکار جاوید گجر اور الیاس گجر کی پاٹری فیکٹری کا گیس میٹر اتارنے کی کوشش کی تو فیکٹری ملازمین نے انہیں گیس میٹر اتارنے سے روکا جس پر محکمہ سوئی گیس کے افسران اور اہلکاروں نے زبردستی میٹر اتارنا چاہا جس کے بعد تنازعہ طول پکڑ گیا۔ محکمہ سوئی گیس کے اہلکاروں نے صنعتکار جاوید گجر اور الیاس گجر سے ہاتھا پائی کی جس کے نتیجے میں دونوں کے گریبان پھٹ گئے اور لڑائی کے دوران سوئی گیس کے اہلکاروں نے اوزاروں کا استعمال کیا۔ جس کے نتیجے میں فیکٹری کے سات ملازمین وسیم محمد اقبال اسد شاہ یاسر نعیم شاہ عمر اور طارق زخمی ہوگئے۔وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پاٹری ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور اہل علاقہ بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہوگئے اور میڈیا کی ٹیمیں بھی پہنچ گئیں۔ صنعتکار جاوید گجر نے صحافیوںکو بتایا کہ محکمہ سوئی گیس کئی سالوں سے ہمارے ساتھ مسلسل زیادتی کررہا ہے اور ہمیں کسی کے اشاروں پر تنگ کیا جارہا ہے۔ ہماری فیکٹری کے تمام بلوں کی ادائیگی کی جاچکی ہے اس کے باوجود آئے روز محلہ چاہ ترہنگ میں چھاپے مارے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سوئی گیس کے کئی آفیسر اور اہلکار خود گیس چوری کرواتے ہیں اور کئی فیکٹری مالکان کے ساتھ انہوںنے مک مکا کررکھا ہے۔ جو فیکٹری مالکان انہیں منتھلی دیتے ہیں ان کی ” سب اچھا” کی رپورٹ دی جاتی ہے اور ان فیکٹریوں کے گیس بل بھی بہت کم آتے ہیں۔ محلہ چاہ ترہنگ کی فیکٹریوں کے مالکان محکمہ سوئی گیس کے افسران کو منتھلی دینے سے انکار ی ہیں جس کے باعث آئے روز چھاپے مارے جاتے ہیں۔صنعتکار الیاس گجر نے صحافیوں کو بتایا کہ محکمہ سوئی گیس کے افسران کے پاس ہماری فیکٹری کا کنکشن کاٹنے کا کوئی جواز نہیں اور نہ ہی ان کے پاس کوئی تحریری آرڈرز تھے۔ کنکشن کاٹنے کے تحریری آرڈرز مانگنے پر محکمہ سوئی گیس کے افسران اور اہلکاروں نے محلہ چاہ ترہنگ میں غنڈہ گردی کی ہے’مجھے اور میرے بھائی سمیت چھ ملازمین کو حملہ کرکے زخمی کیا گیا ہے۔ عزیز بھٹی شہید ہسپتال سے زخمیوں کا میڈیکل کروالیاگیاہے اور تھانہ لاری اڈہ میں محکمہ کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دیدی ہے۔ جس وقت سوئی گیس کے افسران نے محلہ چاہ ترہنگ میں آپریشن کیا ان کی حملہ آور ٹیم میں محکمہ سے غیر متعلقہ افراد کی بڑی تعداد شامل تھی جنہوں نے نہ تو محکمہ کی وردیاں پہن رکھی تھیں اور نہ ہی وہ محکمہ کی گاڑیاں ساتھ لے کرآئے تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محلہ چاہ ترہنگ کے معروف صنعت کار جاوید گجر نے محکمہ سوئی گیس کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے تھانہ لاری اڈہ میں درخواست دیدی ہے

گجرات (جی پی آئی) محلہ چاہ ترہنگ کے معروف صنعت کار جاوید گجر نے محکمہ سوئی گیس کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے تھانہ لاری اڈہ میں درخواست دیدی ہے۔ جاوید گجر کی دی گئی درخواست کے مطابق سوئی گیس کی چھاپہ مار ٹیم نے جب محلہ چاہ ترہنگ میں ہماری فیکٹری پر چھاپہ مارا تو مجھے سادہ وردیوں میں ملبوس اہلکاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا اور اس دوران میری جیب سے ایک لاکھ روپے نقدی بینک کارڈ شناختی کارڈ قیمتی کاغذات اور قیمتی موبائل زبردستی نکال کرلے گئے۔مجھے اور میرے بھائی الیاس گجر اور سات فیکٹری ملازمین وسیم اقبال اسد شاہ یاسر نعیم شاہ عمر اور طارق کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محلہ چاہ ترہنگ میں محکمہ سوئی گیس کی ٹیم کے چھاپوں کے خلاف پاٹری ایسوسی ایشن کے سینکڑوں ممبران کی احتجاجی ریلی
گجرات (جی پی آئی ) محلہ چاہ ترہنگ میں محکمہ سوئی گیس کی ٹیم کے چھاپوں کے خلاف پاٹری ایسوسی ایشن کے سینکڑوں ممبران کی احتجاجی ریلی تھانہ لاری اڈہ کے سامنے محکمہ سوئی گیس کے خلاف احتجاج اور شدید نعرے بازی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ سوئی گیس کی چھاپہ مار ٹیم کے محلہ چاہ ترہنگ میں گیس فیکٹریوں کے کنکشن کاٹنے کیلئے چھاپوں اور فیکٹری مالکا ن اور ملازمین پر تشدد کیخلاف پاٹری ایسوسی ایشن گجرات کے عہدیداران ممبران اور مدینہ مارکیٹ کے دکانداروں نے بڑی تعداد میں اکٹھے ہو کر محلہ چاہ ترہنگ سے احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت مدینہ مارکیٹ گجرات کے صدر مہرسعید انور سونی سینئر نائب صدر حاجی محمد اقبال نائب صد ر حاجی محمد اعظم گجر جنرل سیکرٹری حماد الحسن فنانس سیکرٹری رضوان چاند زمان اور ممبران ایسوسی ایشن محمد احسان مہر ریاض محمد یعقوب محمد الیاس غلام رسول مہر فیصل منور پہلوان رمضان گجر دانیال بٹ مہر اعظم فیصل بٹ لطیف گجر عمر بٹ حافظ سرفراز رشید محمد جاوید گجر پرویز گجر منیر گجر فیضان گجر عثمان گجر عمران مہر چوہدری الطاف محمد اکبر آفتاب بٹ محمد سعید مہر محمد شفیع یاسین گجر عمیر جرال حاجی محمد اقبال راجہ اکرم حسین محمد فرحان محمد وحید راجہ عاصم احسان الحق محمد رضوان حسن بٹ ایم اے یوسف سلام گوندل اسلم گجر محمد بھولا محمد اشفاق محمد ندیم مہرذوالفقار نادر گجر نعمان ظہیر محمد حسنین کاشف زمان حاجی عبدالرحمن کے ساتھ درجنوں فیکٹری مالکان نے کی۔احتجاجی ریلی میں مدینہ مارکیٹ کے تاجروں دکانداروں اور فیکٹری ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ ریلی کے شرکاء محلہ چاہ ترہنگ سے احتجاج کرتے ہوئے تھانہ لاری اڈہ پہنچے اور تھانہ کے سامنے محکمہ سوئی گیس کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور احتجاج کیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مدینہ مارکیٹ کے صدر مہرسعید انور سونی نے کہا کہ محکمہ سوئی گیس محلہ چاہ ترہنگ میں آئے روز چھاپے مار کر فیکٹری مالکان سے زیادتی کر رہا ہے محلہ چاہ ترہنگ کے پاٹری کارخانوں کے مالکان نے ہمیشہ بر وقت بلوں کی ادائیگی کی ہے منتھلی نہ دینے پر آئے روز آپریشن کے نام پر پاٹری کارخانوں کے مالکان کو تنگ کیا جاتا ہے۔ نائب صدر حاجی محمد اعظم گجر نے صحافیوں کو بتایا کہ محکمہ سوئی گیس صنعتکاروں کے ساتھ مسلسل زیادتی کررہا ہے’ ہم اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاٹری مالکان سے منتھلی مانگنے والے افسران اوراہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔پاٹری ایسوسی ایشن محکمہ سوئی گیس کے غنڈہ گردی کرنے والے افسران اور اہلکاروں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتی ہے ہم کرپٹ افسروں اور اہلکاروں کی گرفتاری تک پر امن احتجاج جاری رکھیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حلقہ پی پی 110کے امیدوار چوہدری مصطفی گورائیہ کا گائوں کٹھالہ گورالہ اور لنڈ پور کا انتخابی دورہ
گجرات ( جی پی آئی ) حلقہ پی پی 110کے امیدوار چوہدری مصطفی گورائیہ کا گائوں کٹھالہ ‘ گورالہ اور لنڈ پور کا انتخابی دورہ دو سابق کونسلرز سمیت ممتاز شخصیات کا سینکڑوں ساتھیوں سمیت اعلان حمایت۔ تفصیلات کے مطابق حلقہ پی پی 110کے امیدوار چوہدری مصطفی گورائیہ نے موضع کٹھالہ ‘ گورالہ اور لنڈ پور کا انتخابی دورہ کیا اور انتخابی کارنرمیٹنگز سے خطاب کیا۔ میٹنگز میں سینکڑوں افراد نے چوہدری مصطفی گورائیہ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ موضع کٹھالہ میں ممتاز سیاسی شخصیت مہر اعجاز وڑائچ سابق کونسلر آف گورالہ نے درجنوں خاندانوں سمیت اعلان
حمایت کیا اور کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب لوگ پرانے چہروں سے اکتا چکے ہیں۔ آزمائے ہوئوں کو آزمانے سے کبھی بہتری نہیں آئے گی۔ اہلیان گورالہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ نوجوان پرخلوص قیادت کا بھرپور ساتھ دیں گے اور چوہدری مصطفی گورائیہ کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے۔ موضع کٹھالہ میں سرفراز احمد سابق کونسلر نے درجنوں خاندانوں سمیت چوہدری مصطفی گورائیہ کی حمایت کا اعلان کیا۔ موضع لنڈ پور میں منعقدہ انتخابی اکٹھ میں ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت بلاول جمیل نے درجنوں ساتھیوں سمیت مصطفی گورائیہ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موضع لنڈ پورکے عوام اب تبدیلی چاہتے ہیں اور انشاء اللہ ہم 11مئی کو چوہدری مصطفی گورائیہ کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے۔ امیدوار حلقہ پی پی 110چوہدری مصطفی گورائیہ نے انتخابات اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ کے عوام میرے ساتھ ہیں اور جس طرح ہر گائوں کے خاندان میری حمایت کا اعلان کررہے ہیں اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ حلقہ پی پی 110کے عوام اب تبدیلی چاہتے ہیں اور انشاء اللہ تبدیلی آکر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں جھوٹے وعدوں اور لارے لپوں کا قائل نہیں ہوں’عوام کے ساتھ ایک ہی وعدہ کرتا ہوں کہ انشاء اللہ آپ کے ووٹوں سے منتخب ہو کر علاقہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروں گا اور حلقہ کے بیروز گار نوجوانوں کو باعزت روز گارکی فراہمی کو یقینی بنائوںگا اور حلقہ میں سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا اور گھر گھر سوئی گیس پہنچائوں گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خالد حسین بھٹی نے موضع شیخ سکھا میں انتخابی اکٹھ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گجرات میں تمام سیاسی جماعتیں عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہیں

گجرات (جی پی آئی) ایم کیو ایم کے حلقہ این اے 106کے امیدوار خالد حسین بھٹی نے موضع شیخ سکھا میں انتخابی اکٹھ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گجرات میں تمام سیاسی جماعتیں عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہیں ایم کیو ایم کراچی و حیدر آباد ہی نہیں بلکہ ملک گیر جماعت بن چکی ہے۔ ضلع گجرات میں ایم کیو ایم کی ہر یونین کونسل میں تنظیم سازی کی جارہی ہے حلقہ این اے 106کے عوام پیپلزپارٹی ق لیگ اور ن لیگ کے امیدواروں کو کئی بار آزما چکے ہیں ۔ تحریک انصاف کے امیدواروں میں اتحاد نہیں ہے اور وہ ٹکٹ کے حصول کیلئے ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچتے نظر آتے ہیں۔ ایم کیو ایم واحد سیاسی جماعت ہے جہاں ٹکٹوں کی لڑائی نہیں ہے۔ قائد الطاف بھائی اور فاروق ستار کی قیادت میں ہم سب متحد اور مضبوط ہیں۔ ضلع گجرات میں ایم
کیو ایم تمام حلقوں سے الیکشن لڑے گی او مضبوط امیدوار کھڑے کیے جائیں گے۔ انتخابی اکٹھ میں شیخ سکھا کی ممتازشخصیات نے ایم کیو ایم کے امیدوار خالد حسین بھٹی کی حمایت کا اعلان کیا اور ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کرلی۔ خالد حسین بھٹی نے اس موقع پر موضع شیخ سکھا میں سوئی گیس کی فراہمی کا بھی وعدہ کیا۔