گوجرانوالہ میں ٹرین کو حادثہ, 3 افراد جاں بحق, متعدد زخمی

Gujranwala

Gujranwala

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ لاہور سے راولپنڈی جانے والی ریل کار کی چار بوگیاں گوجرانوالہ میں پٹڑی سے اتر گئیں۔ بوگیوں کی نیچے دب کر دو خواتین اور بچہ جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ ریلوے حکام نے حادثہ کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ٹرین ڈرائیور اور اس کے اسسٹنٹ کو معطل کر دیا۔

لاہور سے راولپنڈی جانے والی ریل کار کو گوندلانوالہ پھاٹک پر حادثہ پیش آیا۔ ٹرین کی چار بوگیاں پٹری سے اتر کر جی ٹی روڈ کے فٹ پاتھ میں دھنس گئیں۔ زخمی ہونے والی دو خواتین کلثوم اور عابدہ سڑک کراس کر رہی تھیں جبکہ طارق، گلفام اور عرفان ریڑھی والے تھے۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کام شروع کر دیا۔

جی ایم ریلوے انجم پرویز کا کہنا ہے کہ حادثہ ڈرائیور ریاض اور اسسٹنٹ شاہد کی غفلت کے باعث پیش آیا۔ ٹریک کلیئر نہ ہونے پر ٹرین کو ڈیڈ اینڈ کی طرف جانے کو کہا گیا تھا لیکن ڈرائیور نے گاڑی نہیں روکی جس کی وجہ سے وہ پٹڑی سے اتر گئی۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بھی حادثے کو ڈرائیور کی غلطی قرار دیا ہے۔ ٹرین حادثہ ڈرائیور کی غفلت سے ہوا یا ٹرین کے بریک فیل ہوئے؟۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حتمی فیصلہ تحقیقات کے بعد کیا جائے گا۔