’ہانیہ سے بریک اپ کے بعد سوشل میڈیا ایپس ڈیلیٹ کر دی تھیں‘

 Hania and Asim Azhar

Hania and Asim Azhar

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) گلوکار عاصم اظہر نے انکشاف کیا ہے کہ ہانیہ عامر سے بریک اپ جیسے نازک معاملے کوسوشل میڈیا پر مذاق لیے جانے پر کافی دکھ ہوا تھا۔

انسٹاگرام پر عاصم اظہر کا گزشتہ برس میزبان وقار ذکاء کو دیے گئے انٹرویو کا کلپ خاصا وائرل ہورہا ہے۔

انٹرویو میں وقار ذکاء کی جانب سے کیے گئے سوال پر عاصم اظہر نے بتایا کہ جو چیز آپ کے دل کے بہت قریب ہو اور اس کا سرعام یوں مذاق بنایا جائے تو دل کافی دکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اس دوران صبر کیا اور میں تمام نوجوانوں کو بھی یہی مشورہ دوں گا جہاں کہیں اپنے خلاف چیزیں نظر آئیں تو آپ اسے اپنی زندگی سے بلاک کردیں اور صبر کریں کیوں کہ صبر سب سے اچھی دوائی ہے۔

عاصم اظہر نے مزید بتایا کہ ہانیہ سے بریک اپ کے بعد میں نے 6 دن انسٹاگرام ، ٹوئٹر اور فیس بک کو اپنے موبائل سے ہی ڈیلیٹ کردیا تھا، اکاؤنٹس ڈی ایکٹیویٹ اس لیے نہیں کیے تھے کہ اگر ایسا کرتا تو اس مسئلے کو مزید طوالت ملتی لہٰذا میں نے یہ تمام ایپس ان دنوں اپنے موبائل سے ہی ڈیلیٹ کردیں جس وجہ سے سوشل میڈیا پر اپنے خلاف چلنے والے پیغامات کو نہ پڑھ سکا نہ دیکھ سکا، یہی میرے لیے بہتر تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس کئی سال سے گہری دوستی رکھنے والے جوڑے اداکارہ ہانیہ عامر اور گلوکار عاصم کا بریک اپ ہوگیا تھا۔

چند روز قبل ہانیہ عامر کا سوشل میڈیا پر پر عاشر وجاہت کے ساتھ کلپ سامنے آنے پر ان پر سخت تنقید کی گئی جب کہ عاصم اظہر نے بھی اس حوالے سے ایک پوسٹ کی تھی۔