ہیلی کاپٹر حادثے میں بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت ہلاک ہو گئے

Bipin Rawat

Bipin Rawat

تامل ناڈو (اصل میڈیا ڈیسک) بھارت کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت کی تصدیق ہو گئی۔

بھارتی فضائیہ کے مطابق بھارتی فضائیہ کے ایم آئی 17وی فائیو ہیلی کاپٹر میں جنرل بپن راوت سمیت 9 افراد اور عملے کے 4 ارکان سوار تھے اور ہیلی کاپٹر کو بھارتی ریاست تامل ناڈو میں کونور کے قریب حادثہ پیش آیا۔

بھارتی فضائیہ نے جنرل بپن راوت کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13 افراد حادثے میں ہلاک ہوچکے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں 13 لاشیں ملی ہیں جن کی شناخت کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا۔

اس سے قبل بھارتی فوج کے لیفٹننٹ جنرل (ر) ایچ ایس پناگ نے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت حادثے میں ہلاک ہوچکے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کل پارلیمنٹ میں واقعے کے حوالے سے بیان دیں گے۔

علاوہ ازیں بھارتی ائیر فورس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد 31 دسمبر 2019 کو ریٹائر ہوئے تھے لیکن مودی سرکار نے انہیں بھارت کی مسلح افواج کا پہلا چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کیا تھا۔