لاہور: سیکرٹری اوقاف پنجاب کوتوہین عدالت کا نوٹس جاری

Lahore High Court

Lahore High Court

لاہور (جیوڈیسک) خاتون کو تیزاب پلانے کابھی نوٹس، بیت المال کے تفتیشی افسرکے تبادلے کیخلاف حکم امتناعی لاہور ہائیکورٹ نے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے کے عدالتی احکامات نظر انداز کرنے پر سیکرٹری اوقاف پنجاب کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر 26 جون کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ ادھرہائیکورٹ کے شکایات سیل نے شوہر قمرشاہ کی جانب سے خاتون صوبیہ کو تیزاب پلا کر ہلاک کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن حافظ آباد کوواقعہ کی ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس خالد محمود خان نے احتساب عدالت لاہور کے تین ریٹائرڈ ججوں کو عدالتی حکم کے مطابق ضبط کی گئی تنخواہ اور الاؤنسز نہ دینے پر وفاقی سیکرٹری وزارت قانون و پارلیمانی امور کو پانچ جون کو طلب کر لیا۔دریں اثنا ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ای او بی آئی سکینڈل کے ملزم عامر شفیع اکرام کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیخلاف دائر درخواست پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی سے 29 مئی تک جواب طلب کر لیا ہے جبکہ مسٹر جسٹس منصور علی شاہ نے محکمہ بیت المال لاہور کے تفتیشی افسر اجمل عباسی کے اسلام آباد تبادلے کے نوٹیفکیشن کیخلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر سے 17 جون تک جواب طلب کر لیا ہے۔