ہیلری کلنٹن پر بطور وزیر خارجہ ذاتی ای میل اکائونٹ استعمال کرنے کا الزام

Hillary Clinton

Hillary Clinton

نیویارک (جیوڈیسک) غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہیلری کلنٹن اپنے دور وزارت میں سرکاری معاملات کے لئے بھی ذاتی ای میل اکاﺅنٹ استعمال کرتی رہی ہیں۔

امریکی اخبار کے مطابق صدر باراک اوباما کے پہلے دور صدارت میں جب ہیلری کلنٹن وزیر خارجہ تھیں تو سرکاری معاملات کے لئے بھی اپنا ذاتی ای میل اکاﺅنٹ ہی استعمال کیا کرتی تھیں جبکہ سرکاری ای میل کی صورت میں تمام معاملات ریکارڈ کا حصہ ہوتے۔ اس طرح انہوں نے وفاقی اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے اور اس سلسلے میں ان کے ساتھیوں نے بھی کوئی ایکشن نہیں لیا۔

جب فیڈرل ریکارڈز کے لئے ان کی گزشتہ ای میلز کا تقاضا کیا گیا تو محکمہ خارجہ کی دوڑیں لگ گئیں اور ہیلری کلنٹن کے مشیروں کے لئے اس بات کا فیصلہ کرنا مشکل ہو گیا کہ کن ای میلز کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔ اسی لئے انہیں 55 ہزار صفحات پر مشتمل ای میلز کو محکمہ ریکارڈز کے حوالے کرنا پڑا ہے۔ دوسری جانب کلنٹن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہیلری کلنٹن نے تمام اصولوں کی پاسداری کی ہے۔