حوثی ملیشیا کے حملے اشتعال انگیزی اور بحران کو طول دینے کی کوشش ہے: امریکا

US State Department

US State Department

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا نے سعودی عرب کی سرزمین پر یمن کی ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے ڈرون طیاروں سے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں اشتعال انگیزی اور بحران کو مزید طول دینے کی کوشش قرار دیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حملے یمن میں قیام امن کی کوششوں کو خطرے میں ڈالنے اور انہیں نقصان پہنچانے کا باعث بن رہی ہیں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ یمن میں چھ سال سے جاری ہے جنگ کے خاتمے کے بجائے حوثی باغی بحران کو طول دینے کے لیے واضح اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

امریکی وزارت خارجہ نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے میں تیل کی ایک تنصیب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کی۔ خیال رہے کہ یہ حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب حال ہی میں سعودی عرب میں یمن میں یک طرفہ طور پر امن اقدام کا اعلان کرتے ہوئے یمن کے بحران کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں مزید کہا کہ حالیہ حوثی حملہ عالمی توانائی کی فراہمی اور شہریوں کی سلامتی کو نشانہ بنانے کی دانستہ کوشش ہے۔

وزارت انصآف کا کہنا ہے کہ حوثیوں کے حملوں سے جنگ بندی کی کوششوں کو خطرہ لاحق ہے اور یمن میں پائیدار امن کے قیام کی کوششوں کو تباہ کرنا ہے۔