حب ڈیم میں پانی ڈیڈ لیول سے نیچے، کراچی کا پانی پیر سے بند ہے

Hub Dam

Hub Dam

کراچی (جیوڈیسک) حب ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول سے بھی نیچے ہو گئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے حب ڈیم سے کراچی کو پانی کی فراہمی پیر سے بند کی جا چکی ہے حب میں خشک سالی نے سنگین نوعیت اختیار کر لی ہے۔ گزشتہ 7 سال میں یہاں بارشیں تو ہوئیں لیکن آبی ذخیروں کا پیٹ نہ بھر سکیں۔

کراچی اور حب کو پانی فراہم کرنے والا حب ڈیم ہے۔ یہاں پانی ذخیرہ کرنے کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 349 فٹ ہے۔ تاہم بارشیں نہ ہونے کے سبب اب پانی ڈیڈ لیول یعنی 276 فٹ سے بھی کم ہو گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ڈیڑھ فٹ پانی مزید کم ہوا تو ڈیم سے پانی کا اخراج بالکل بند ہوجائے گا۔

ڈیڑھ فٹ کی یہ سطح 28 فروری تک ہی برقرار رہ سکتی ہے۔ڈیم سے کراچی کو یومیہ 10 کروڑ گیلن پانی فراہم کیا جاتا تھا، جو پیر سے بند کیا جاچکا ہے۔ حب ڈیم انتظامیہ کے مطابق بارشیں نہ ہوئیں تو یکم مارچ سے کراچی کو پانی کی فراہمی مکمل بند ہوجائے گی۔

سیکریٹری آبپاشی بلوچستان نصیب اللہ بازئی کا کہنا ہے کہ حب ڈیم میں دس جنریٹر لگا کر لسبیلہ کینال کے ذریعے حب و گڈانی کے شہریوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے کے لیے متبادل بندوبست کیا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ ق کے رہنما علیم عادل شیخ نے بھی بدھ کو حب ڈیم کا دورہ کیا اور بارشوں کے لئے حب ڈیم کے مقام پر نماز استسقا ادا کی۔