حب: کوئٹہ کراچی شاہراہ پر 2 کوچوں اور ٹینکر میں تصادم، 21 افراد جاں بحق

Coaches Tankers Collision

Coaches Tankers Collision

حب (جیوڈیسک) کوئٹہ کراچی شاہراہ پر 2 مسافر کوچوں اور آئل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 21 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حب میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر گڈانی کے قریب چکر نالے پر 2 کوچوں اور آئل ٹینکر میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 21 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے، ایک کوچ کوئٹہ سے کراچی آ رہی تھی جب کہ دوسری کراچی سے کوئٹہ جا رہی تھی۔

حادثے کے بعد تینوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی جسے فائر بریگیڈ کے عملے نے بجھایا، ایک کوچ آگ لگنے کی وجہ سے مکمل طور پر خاکستر ہو گئی جب کہ ایک دوسری کوچ اور آئل ٹینکر کو ایک دوسرے سے علیحدہ کر کے پھنسے ہوئے مسافروں کو باہر نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے معمولی نوعیت کے زخمیوں کو حب کے اسپتال میں منتقل کیا گیا جب کہ شدید زخمیوں کو کراچی منتقل کیا جا رہا ہے، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ایم ایل او سول اسپتال کا کہنا ہے کہ ایک لاش اور 5 زخمیوں کو کراچی منتقل کیا گیا۔