انسانی انداز میں بھیک مانگنے والی بلی سوشل میڈیا اسٹار بن گئی

Cat

Cat

سنسناٹی: کسی کو کھاتا دیکھ کر بلیوں کا قریب آنا اور میاؤں میاؤں کر کے کھانا مانگنا کوئی عجیب بات نہیں۔ لیکن ویڈزورتھ نامی یہ امریکی بلی جب کھانا مانگنے کسی انسان کے پاس آتی ہے تو اپنی پچھلی ٹانگوں پر بیٹھ کر اگلے پنجے بالکل اسی طرح پھیلا دیتی ہے جیسے کوئی بھکاری دستِ سوال دراز کررہا ہو۔

یہ بلی جسے ویڈزورتھ، ویڈی اور ویڈز کے ناموں سے پکارا جاتا ہے،امریکی ریاست اوہایو کے شہر سنسناٹی میں رہنے والے جوڑے، نتاشا اور اینڈریو کلوسٹرمین کی پالتو ہے جنہوں نے اس کے علاوہ مزید پانچ بلیاں بھی پال رکھی ہیں۔

البتہ ویڈزورتھ کی حرکتوں نے اس جوڑے کو اتنا متاثر کیا کہ انہوں نے انسٹاگرام پر Waddywaves کے نام سے اس کا باقاعدہ اکاؤنٹ بھی بنا دیا۔

بظاہر ایسا لگتا ہے جیسے یہ اکاؤنٹ ویڈزورتھ نے خود بنایا ہے تاکہ اپنی مصروفیات کے بارے میں دوسرے سوشل میڈیا صارفین کو آگاہ کرتی رہے۔ لیکن درحقیقت اس اکاؤنٹ کے پسِ پشت یہی جوڑا ہے۔

ویڈزورتھ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اب تک 210 پوسٹس لگائی جاچکی ہیں جبکہ اس کے فالوورز کی تعداد 19 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔

یعنی یہ صرف ایک پالتو بلی ہی نہیں بلکہ ایک سوشل میڈیا اسٹار بھی بن چکی ہے جو اپنی زیادہ تر تصویروں میں اپنے مالکان سے کچھ نہ کچھ مانگتی ہوئی نظر آتی ہے یا پھر کہیں آرام کررہی ہوتی ہے۔