شناختی کارڈ کی لازمی شرط، مسائل اور اُن کا حل کے موضوع پر سیلز پروفیشنل فورم کی جانب سے مباحثے کا انعقاد

Sales Professional Forum

Sales Professional Forum

لاہور: سیلز پروفیشنل فورم کی جانب سے پاکستان بھر میں تجارتی مقاصد کیلئے شناختی کارڈ کی لازمی شرط ، مسائل اور اُن کا حل کے موضوع پر مباحثے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد ایف بی آر اور بزنس کمیونٹی کو ایک صفحے پر لاتے ہوئے اس کے انتظامی ڈھانچے میں موجود خامیوں کو دور کرنا اور کاروباری اکائیوں کی مدد سے خسارے کو کم کرتے ہوئے قابل عمل حل تلاش کرنا ہے ۔ فورم پر ٹیکس ایڈوائزری کمیٹی اور ایف بی آر کے نمائندگان کی موجودگی اس مباحثے کو مزید موثر بناتی ہے۔

حالیہ بجٹ 2019-2020 میں متعارف کروائے جانے والے ایک قانون کی رو سے ریٹلرز کو جاری رسیدوں پر اُن کے شناختی کارڈ کے نمبروں کے اندراج کو یقینی بنانا اب ڈسٹری بیوٹرز کی ذمہ داری ہے۔ ایسے میں کسی بھی رسید پر غلط اندراج کو ایف بی آر کے پورٹل پر فوری مسترد کر دیا جاتا ہے ۔اس صورتحال سے جہاں ایک جانب کاروباری طبقے کو نقصان کا سامنا ہے وہیں افراتفری کی سی صورتحال بھی پیدا ہو رہی ہے۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سیلز پروفیشنل فورم کے بانی محمد آصف خوشنود نے کہا کہ یہ بیانیہ بالکل غلط ہے کہ دکاندار ٹیکس اور رجسٹریشن سے بچنے کیلئے حیلے تلاش کر رہے ہیں یااس ضمن میں ڈسٹری بیوٹر نااہلی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ حقیقت میں دکانداروں اور ڈسٹری بیوٹرز کی جانب سے حکومت کے اِن اقدامات کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی تائید کی گئی ہے ۔ اِس ضمن میں صرف مطالبہ بروقت اور مربوط سسٹم کی موجودگی کا ہے ۔ اس وقت دکانداروں کا سب سے بڑا مسئلہ سسٹم میں شفافیت کی عدم موجودگی ہے ۔آپ اگر اپنا شناختی کارڈ دے بھی دیتے ہیں تو اِس کا مکمل ریکارڈ موجود نہیں ہوتا ہے۔ ایسی صورتحال میں دکانداروں کو یقین دہانی کروانا مشکل کام ہے۔ اسی طرح ڈسٹری بیوشن کی طرف بھی رجسٹریشن کے عمل کیلئے وسائل موجود نہیں ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ اس وجہ سے کاروباری حجم کو خاصا نقصان ہو چکا ہے اور اب سب اس صورتحال کے حل کے منتظر ہیں۔ اس کا حل صرف یہی ہے کہ ایف بی آر اس کاروبار کی دیگر اکائیوں کے ساتھ ایک صفحے پر موجود ہو،ہماری بات کو سنے اور ہمیں تکنیکی معاونت فراہم کرے۔

سیلز پروفیشنل فورم کی جانب سے اس سے قبل کراچی میں بھی کامیاب مباحثے کا انعقاد کیا جا چکا ہے ۔ آصف محمود نے مزید کہا کہ لاہور کی اس نشست کے بعد اسلام آباد سمیت پورے پاکستان میں اس قسم کی آگاہی مہم کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرتے ہوئے ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کیا جائے ۔

سیلز پروفیشنل فورم کے بارے میں :
سیلز پروفیشنل فورم پاکستان کا واحد پلیٹ فارم ہے جو ملک بھر میں سیلز کمیونٹی کی ترقی کیلئے کوشاں ہے ۔پاکستان کی 100سے زائد کمپنیوں کے2500سے زائد سیلز پروفیشنلزاس کا حصہ ہیں۔اس کے علاوہ نامور سیلز کے ماہرین ،بہترین ٹرینرز بھی اس فورم میں شامل ہیں۔سیلز پروفیشنل فورم پاکستان بھر میں کاروبار کی نشونما اور اِن کو عالمی سیلز کی تکنیک سیکھانے کیلئے بھی کوشاں ہے۔ عملی نکات کے ساتھ کاروباری برادی کی افزائش کیلئے کوشاں سیلز پروفیشنل فورم کا پاکستان میں سفر جاری ہے ۔