اعجاز درانی نے کراچی سمیت سندھ بھر میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں ریکارڈ اضافے کی مذمت کی

کراچی : بلاول ہاؤس کے ترجمان اعجاز درانی عید الفطر کے فورا بعد کراچی سمیت سندھ بھر میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں ریکارڈ اضافے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایک جانب نئی پاور پالیسی کے تحت صنعتی اور تجارتی صارفین کے بلوں میں ریکارڈ اضافہ کر کے کاروباری مستقبل مخدوش کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب عوام کی گھریلو زندگی بھی بری طرح مفلوج ہو گئی ہے۔ اعجاز درانی نے کہا کہ آج اتوار کی چھٹی کے روز کراچی اور اندرون سندھ میں بارہ سے بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کی مثال دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ ترجمان نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے اقتدار پر قابض ہوتے ہی پاکستان میں قیامت کا منظر پیش کر دیا ہے۔

پاکستان دنیا کے نقشے پر وہ واحد ملک بن گیا ہے جہاں قیامت کے اندھیرے مسلط کردیے گئے ہیں۔ ٹماٹر 150 روپے فی کلو اور پیاز 70 روپے فی کلو فروخت ہورہے ہیں لیکن ن لیگ کے حکمران پاکستان کو ایشین ٹائیگر کا لقب دینے میں بضد ہیں جبکہ عوام ہوشربا مہنگائی، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور ٹیکس در ٹیکس کی وارداتوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔