عمران خان ملک میں مڈ ٹرم الیکشن کے درپے ہیں، منظور وٹو

 Manzoor Wattoo

Manzoor Wattoo

لاہور (جیوڈیسک) صدر پیپلزپارٹی پنجاب منظور وٹو کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیاست مڈٹرم الیکشن کی طرف جا رہی ہے، ہم حالت جنگ میں ہیں اور چیئرمین تحریک انصاف لانگ مارچ کی باتیں کر رہے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منظور وٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان کا مقصد مڈٹرم الیکشن کی صورت حال پیدا کرنا ہے، ان کا لانگ مارچ کا اعلان عقل سے بالاتر ہے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب کے تمام اضلاع میں پارٹی کی تنظیم نو کر لی ہے،، بلاول بھٹو کو پنجاب میں مضبوط اور فعال جماعت دیں گے، ستمبر ، اکتوبر میں پنجاب کے ہر ضلع میں ورکر کنونشن کرائیں گے، ورکر کنونشن سے بلاول بھٹو ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے خورشید شاہ کی زیر صدارت کمیٹی بنا دی ہے، بےنظیر کے یوم پیدائش پر کارکنوں کے خون کے عطیات آرمی ہسپتالوں کو دے دیئے ہیں۔