عمران خان کا ڈرون حملوں کیخلاف بھرپور احتجاج کا اعلان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں چیئرمین تحریک انصاف عمران کا کہنا تھا کہ ہنگو قبائلی علاقہ نہیں بلکہ بندوبستی علاقہ ہے۔ اس مرتبہ حملہ خیبر پختونخوا کی حدود میں ہوا۔ امریکا نے پہلی بار خیبر پختونخوا میں ڈرون حملہ کیا۔ خیبر پختونخوا میں لوگوں کی زندگی خطرے میں ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہنگو میں مرنے والوں کے نام اور تصاویر جاری کرینگے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے جنگی جرائم ہیں۔ ڈرون حملوں کی وجہ سے حکومت پر توہین عدالت لگ سکتی ہے۔ اوباما، نواز شریف مشترکہ بیان می ڈرون حملوں کا ذکر تک نہیں ہے۔ نواز شریف عوام سے سچ بولیں۔ حکومت نے ڈرون حملوں پر گزشتہ حکومت کی پالیسی اختیار کی ہے۔

ڈرون حملہ امریکا کرتا ہے اور اس کا بدلہ پاکستانی عوام سے لیا جاتا ہے۔ ہم امریکا کے ٹشو پیپر نہیں ہیں کہ جب چاہا استعمال کیا اور پھینک دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو بیرونی دوروں سے فرصت نہیں مل رہی ہے۔ نواز شریف کہہ رہے ہیں کہ باہر سے سرمایہ لا رہے ہیں۔

حکومت پہلے سرمایہ کاروں کو تحفظ دے۔ بھیک مانگنے والوں قوموں کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا۔ نواز شریف کو یہ معلوم ہی نہیں کہ ملک میں ٹماٹر کی کتنی قیمت ہے جبکہ وہ سری لنکا میں شوگر مل لگانے جا رہے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمیں جنگ کا نہیں امن کا مینڈیٹ دیا گیا تھا۔ ہفتے کے روز رنگ روڈ پشاور می تاریخی مظاہرہ کرینگے۔ اس کے بعد نیٹو سپلائی اس وقت تک نہیں کھولیں گے جب تک ڈرون حملے بند نہیں ہو جاتے۔